سعدرفیق نے ریلوے کے لیے بہترین کام کیے۔نگران وزیر
راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)نگران وزیر ریلوے روشن خورشیدبھروچھہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ادارے کی بہتری کے لیے اچھے کام کیے ہیں، جنہیں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بطور وفاقی وزیر عوامی شکایات سننے کے لیے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سچے دل سے کہتی ہوں کہ سعد رفیق نے ریلوے میں بہترین کام کیا اور ان کے دور کے اچھے کاموں کو رکنا نہیں چاہیے۔ نگران وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بذریعہ ٹرین پشاور سے کراچی کا سفر کیا اور اور راستے میں دیکھا ہے کہ تقریباً ہر اسٹیشن کی حالت بہترین بنائی گئی ہے۔بوگیوں کی حالت کو بھی بہت اچھا بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں تھوڑے بہت مسائل موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین سینٹ نے بھی بتایا کہ دو مرتبہ ریل گاڑی سے سفر کیا اور اسے امید سے بہتر پایا جو کہ ریلوے کی بحالی اور بہتری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین میں سفر کے دوران وہ ٹرین کے مختلف ڈبوں میں گئیں، مسافروں سے سوال کیا کہ ریلوے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا بہت برا حال ہے، کیا یہ درست ہے، تو مجھے یہ جان پر بہت خوشی ہوئی کہ مسافروں کا ریلوے کے بارے میں تبصرہ بہت اچھا تھا۔ تقریباً سب ہی لوگوں نے کہا کہ ریلوے میں بہتری آئ ہے اور سہولیات بھی بہتر ہوئی ہیں۔ ریلوے کے خسارے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اپنے ملازمین کو پینشن اپنی جیب سے دیتی ہے، حکومت پاکستان سے نہیں لیتی،ریلوے نے کبھی بھی سبسڈی کو گنا ہی نہیں ورنہ اتنا خسارہ نہیں ہے۔گزشتہ سال ریلوے کا خسارہ تین ارب روپے رہا ہے۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ ریلوے کی کوئی زمین بھی کسی کو بلاوجہ نہیں دینی چاہیے، لیز بھی دی جائے تو کمان ریلوے کے پاس ہی رہے۔ریلوے میں کافی چیزیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ سی پیک سے منسلک ایم ایل ون لائن پر کام کرنا بہت لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرینیں پرانی ہوگئ ہیں، جنہیں بدلنے کی بےپناہ ضرورت ہے۔