عمران کی نشستیں چھوڑنے کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اختلاف
اسلام آباد( خبرنگارخصوصی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اختلاف رائے سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے ۔جس کے بعد عمران خان نے نشست چھوڑنے کا معاملہ حلف اٹھانے تک التواء میں ڈال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے منتخب ممبران اسمبلی عمران خان کو کراچی کی نشست نہ چھوڑنے کی رائے دی ہےجبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی لاہور کے رہنما عمران خان کو لاہور سے خواجہ سعد رفیق کے مقابلے میں جیتی جانے والی نشست نہ چھوڑنےپر اصرار کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے رہنماؤں کا موقف ہے کہ سندھ میں تحریک انصاف کو مضبوط کرنے کیلئے عمران خان کراچی کی نشست اپنے پاس رکھیں خصوصا کراچی اور سندھ میں ترقیاتی کاموں پر عمران کی براہ راست نظر ہوگئی ۔تاہم دوسری جانب پی ٹی آئی لاہور کے رہنماؤں کا موقف سامنے آیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے لاہور کی نشست چھوڑنے پر ضمنی انتخاب میں اس نشست پر مسلم لیگ(ن)کے ساتھ سخت جوڑ پڑسکتا ہے اور پی ٹی آئی کو نقصان کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔