صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ
کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)متحدہ اپوزیشن نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، میر حاصل بزنجو یا ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کو چیئرمین سینیٹ بنانے پر غور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں جمعیت علما اسلام ، نیشنل پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے حال ہی میں بلوچستان سے منتخب ہونیوالے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ آئندہ سینیٹ اجلاس میں ان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی اور ان کی جگہ پر بلوچستان سے نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو یا بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری وسینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کو چیئرمین لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے مرکز میں تحریک انصاف کی حمایت کرنے کے بعد متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔