عمران کی تقریب حلف برداری میں جمائما نہیں آئیں گی

0

امت رپورٹ
ملک کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں ان کے بچے سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان شرکت کے لیے ضرور آئیں گے، کیونکہ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جب بھی وزیر اعظم بنیں گے، انہیں تقریب حلف برداری میں ضرور شریک کیا جائے گا۔ البتہ ان بچوں کی والدہ اور عمران کی سابقہ بیوی جمائما اس تقریب میں خواہش کے باوجود شریک نہیں ہوسکیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ جمائما کی خواہش تھی کہ وہ اپنے بھائی زیک گولڈ اسمتھ جو برطانیہ میں وزیر بھی ہیں، کے ساتھ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں۔ لیکن ان کی شرکت سے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ عمران خان کے صاحبزادگان پاکستان آئیں گے تو وہ بنی گالہ میں نہیں ٹھہریں گے۔ کیونکہ وہ اپنے والد کی پنکی پیرنی سے شادی کو ناپسند کرتے ہیں۔ بہرحال دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی شوہر کے بیٹوں کی آمد کو سعد قرار دیتی ہیں یا نحس۔ لیکن ایک پاکستانی اداکار گوہر رشید نے حکومت سے ایسا مطالبہ کر دیا ہے، جو شاید بشریٰ بی بی کو پسند نہ آئے۔ پاکستانی اداکار گوہر رشید نے وزارت خارجہ سے استدعا کی ہے کہ تقریب حلف برداری میں شکریئے کے طور پر عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو بھی مدعو کیا جائے۔ ایک بلاگنگ ویب سائٹ پر گوہر رشید نے لکھا کہ ’’میری وزارت خارجہ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ مہربانی کرکے پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں جمائما خان کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا جائے‘‘۔ مزید لکھا گیا ہے کہ ’’ہم تمام بہت سی وجوہات پر ان کا شکریہ ادا کرناچاہتے ہیں اور یہ ایک مخلص دوست کو بہترین خراج تحسین ہوگا۔ اس تجویز کو عوام میں بھی پذیرائی ملے گی اور لوگوں کا خیال ہے کہ یہ بہترین آئیڈیا ہے‘‘۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جمائما کو مدعو کرنا عمران خان کی موجودہ بیگم بشریٰ بی بی کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہوگا۔ واجح رہے کہ عمران خان نے یہ اعلان کر دیا ہے کہ ان کی تقریب حلف برداری 13 اگست کو ہوگی، تاکہ وہ 14 اگست کو بطور وزیراعظم قوم سے خطاب کرسکیں۔ عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں ان کے غیر ملکی کرکٹر ساتھیوں کی آمد کا شور بھی بہت مچ رہا ہے، لیکن ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ اس تقریب میں سفرا کے علاوہ بھی کوئی غیر ملکی مہمان ہوگا یا نہیں۔ بھارت میں سابق کرکٹرز جن میں کپل دیو، سنیل گواسگر، نوجیت سنگ سدھو شامل ہیں، پاکستان آنے کے لئے بے چین ہیں اور وہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ تمام وہ سابق بھارتی کرکٹرز ہیں، جنہوں نے انتخابات میں فتح حاصل کرنے پر عمران خان کو نہ صرف مبارکباد دی، بلکہ نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں عمران خان کے صرف چند ذاتی دوستوں کو شرکت کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ ان ذاتی دوستوں کے علاوہ بیرون ممالک کے سربراہان سمیت کسی بھی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں کسی بھی غیر ملکی شخصیت کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہدایت ہے کہ تقریب حلف برداری مکمل طور پر ایک قومی تقریب ہوگی، اور نہایت سادگی سے ہوگی۔ جبکہ ایک دن پہلے انہی ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے عامر خان، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھارتی کرکٹرز اور اداکار کو دعوت نامہ بھیجے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے بالی ووڈ اسٹار عامر خان، لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت نامہ بھیجا گیا۔ لیکن دوسرے دن معلوم ہوا کہ ان لوگوں کی سیکورٹی کلیئرنس نہیں دی گئی۔ عمران خان کی خواہش تھی کہ وہ دھرنے کے اسی مقام پر اپنا حلف اٹھائیں جہاں سے انہوں نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو للکارا تھا۔ انہوں نے اعلان بھی کرادیا تھا کہ حلف برداری کی تقریب ڈی چوک میں ہوگی۔ لیکن ان کے اس بیان کے جواب میں ترجمان ایوان صدرکا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہی ہو گی۔ کسی کی خواہش پر حلف برداری تقریب باہر منعقد نہیں کی جا سکتی۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More