اسکول جلانے پر چیف جسٹس کا نوٹس – 32 مشتبہ افراد گرفتار

0

اسکردو؍اسلام آباد(نمائندگان امت ؍ خبر ایجنسیاں) سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ااسکول جلانے پر32سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کر لئے ہیں۔چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نے دیامر میں لڑکیوں کے12اسکول جلانے کا نوٹس لے لیا ہے۔ نگران وزیر اعظم نے بھی معاملے کی رپورٹ مانگ لی ہے اور وزیر اعلیٰ گلگت حافظ حفیظ الرحمان سے ٹیلی فون پر واقعے کی تفصیل معلوم کی۔تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران دیامر ڈویژن میں اسکول جلانے کے الزام میں 32سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔مختلف علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کڑی شروع کر دی گئی ہے ۔خفیہ اداروں کی مدد سے ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے مخبروں کا جال بچھا دیا گیا ۔آئی جی گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن میں مقامی لوگ بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے ’’امت‘‘ کو بتایا ہے کہ چلاس ، داریل و تانگیر میں شرپسند عناصر کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ گرفتار مشتبہ افراد داریل اور تانگیر کے تھانوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اتوار کو چلاس کا دورہ کریں گے۔ایس پی دیامر رائے محمد اجمل نے رابطے پر ’’امت‘‘ کو بتایا کہ تمام تر شواہد کی بنا پر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ شرپسند مقامی ہیں ، تاہم ان کے مدد گار کوئی اور ہوسکتے ہیں مگر اس ضمن میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔امید ہے کہ جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرنے میں ہماری ٹیم کامیاب ہوگی ۔ادھر ہفتہ کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے دیامر میں لڑکیوں کے 12 اسکول جلائے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے48گھنٹوں میں جواب طلب کر لیا ۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور انہیں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے ۔اس ضمن میں ایک بیان میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے علم دشمن عناصر کو کیفر تک پہنچایا جائے گا۔ متاثرہ تمام اسکولوں کو ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا جائے گا اور بچوں کی تعلیم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی ۔ ضرورت پڑنے پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی۔ تعلیم دشمنوں کے خلاف دیامر کے عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ علم سے محبت رکھتے ہیں۔ علما نے بھی علم دشمنوں کی شدید مذمت کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More