کاغذی جہازوں سے لگی آگ بجھانے میں اسرائیل ناکام

0

مقبوضہ بیت المقدس (امت نیوز) فلسطینیوں کے آتشی کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔گرمی سے آگ تیزی کیساتھ وسیع رقبے میں پھیل گئی، جس پر کئی گھنٹے کوشش کے باوجود قابو نہیں پایا جاسکا۔ غزہ سرحد کے قریب مظاہرے کے دوران جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید، جبکہ 220 دیگر افراد کو زخمی کردیا، جبکہ عالمی سفارت کار علاقے میں پائیدار جنگ بندی کرانے کیلئے ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غزہ اسرائیل سرحد پر4 ماہ قبل شروع ہونیوالے فلسطینیوں کے مظاہروں میں ایک بار شدت پیدا ہوگئی ہے۔ جمعے کے روز بھی ہزاروں فلسطینیوں نے مقبوضہ غزہ کے علاقوں میں قائم یہودی بستیوں کی طرف مارچ کیا۔ جن پر قابض صہیونی فورسز نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اس موقع پر جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں گولیاں لگنے سے 220 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدریٰ نے کہا ہے کہ 25سالہ احمد یاغی کو غزہ شہر کے مشرق میں گھات لگا کر مارا گیا ہے، جبکہ سرحد کے قریب جاری دن بھر کی جھڑپوں میں اسرائیلی فائرنگ سے220سے زائد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ۔ دوسری جانب عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے قریب سرحد پر فلسطینیوں کے آتشی کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کے نتیجے میں اسرائیل کے 15مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔گیسی غباروں کے گرنے اور آگ لگنے کے بعد اسرائیلی ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ روانہ کیا گیا۔ گرمی کی وجہ سے آگ تیزی کے ساتھ وسیع رقبے میں پھیل گئی اور اسے بجھانے میں کئی گھنٹے صرف ہوگئے۔اسرائیلی فوج اور فائر بریگیڈ ٹیموں نے کئی گھنٹے تک آگ بجھانے کی کوشش کی مگر آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ3 ماہ کے دوران گیسی غباروں کے نتیجے میں اسرائیل کو 90لاکھ شیکل کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ کئی علاقے آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں کے گیسی غبارے اور کاغذی آتش گیر جہاز روکنے کیلئے نیا نظام بھی نصب کیا ہے مگر اس کے باوجود صہیونی حکام فلسطینیوں کے اس مزاحمتی حربے کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ ادھر اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظور متنازع نسل پرست قانون پر اسرائیلی کی عرب و دروز برادری نے شدید تنقید کی ہے اور وزیر اعظم بیجمن نیتن یاہو سے ملکر قانون پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More