نوازشریف-مریم اورصفدر کی سزاکیخلاف بینچ تشکیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف بنچ تشکیل دے دیا ہے، نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف درخواست لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی طرف سے قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کا قانون اٹھارہویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے۔ ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو کہ ختم ہو چکا ہے۔سزا غیر قانونی ہے، عدالت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو نیب کے مردہ قانون کے تحت سزا دی گئی لہٰذا عدالت سزا کو کالعدم قرار دے۔کیس کی ابتدائی سماعت جج جسٹس علی اکبر قریشی نے کی تھی تاہم انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے درخواست واپس بھجوادی تھی۔ فاضل جج کی سفارش پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔ بنچ جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مجاہد مستقیم احمد پر مشتمل ہے۔