ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔خراج عقیدت پیش
کراچی/ راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سمیت ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔اس موقع پر منعقدہ تقاریب میں اعلی افسران نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آرمی چیف نے اپنے پیغام میں شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم قومی جدوجہد میں پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پولیس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں۔یہی شہدا ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ادھر سی ویو نشان پاکستان کے مقام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے کہا کہ شہدا آج ہم میں نہیں مگر ان کے کارہائے نمایاں مانند مشعل ہمارے ساتھ ہیں۔شہداء کے اہل خانہ کی تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری تمام تر ترجیحات میں شامل ہیں۔آخر میں آئی جی نے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور انکی بے مثال قربانیوں کو سیلوٹ پیش کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے فرداً فرداً حال احوال دریافت کیا۔