اپوزیشن نے خورشیدشاہ کو اسپیکر کا امیدوار نامزدکردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن اتحاد کے فیصلے کے تحت پیپلزپارٹی نے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔گزشتہ روز ہم خیال جماعتوں کے گرینڈ الائنس کی اے پی سی میں اسمبلی میں حلف اٹھانے اور وزیراعظم سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ہم خیال جماعتوں نے وزیراعظم کا امیدوار مسلم لیگ (ن) ، سپیکر پی پی اور ڈپٹی سپیکرمجلس عمل سے لانے کا اعلان کیا تھا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے اور وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔ترجمان چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی ہے۔