آبی ذخائر کی سطح بلند-آج بارشوں کا نیا سلسلہ
اسلام آباد(امت نیوز)مون سون بارشوں سے آبی ذخائر کی سطح بلند ہو گئی ۔انڈس ریور سسٹم اتھارٹی(ارسا) کے مطابق ارساکے مطابق ڈیموں میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ بڑھ کر 62لاکھ 79 ہزار ایکڑ فٹ ہو گیا ۔ دریاؤں میں پانی کی آمد 297.4 اور اخراج 279.4 ملین ایکڑ فٹ(ایم اے ایف) ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے آج پیر سے بدھ کے دوران بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن)، پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن)، مشرقی سندھ (میر پور خاص، ٹھٹھہ ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (ژوب، قلات ڈویژن)، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ زیریں خیبر پختونخوا (بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، وسطی/جنوبی پنجاب (فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن)،بالائی/وسطی سندھ (حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن) اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور، مردان، کوہاٹ، لاہور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہا تاہم اسلام آباد میں 04اور راولپنڈی میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔