ملک میںکنٹرولڈ جمہوریت متعارف کرائی جارہی ہے- سراج الحق
کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک کنٹرولڈ جمہوریت متعارف کرائی جارہی ہے،کل کاقراردیاجانے والا مافیا اورڈاکو اگلی حکومت میں نئے پاکستان کے علمبردارہوں گے،دھاندلی سے قائم کردہ حکومت زیادہ دیرتک نہیں چل پائے گی،دینی قوتیں بہت جلدحکومت بنائیں گی۔ اتوار کو قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دینی ونظریاتی کارکن کے لیے پیمانہ کامیابی وناکامی نہیں بلکہ رب کی رضا ہے،مصر سے لیکرپاکستان تک جولوگ اسلام کومحض چندعبادات کی بجائے نظام حیات طورپرپیش کرتے ہیں توپھرکچھ قوتیں اپنا کام دکھاتیں ہیں کیونکہ خلائی مخلوق کوکنٹرول ڈیموکریسی چاہئے۔ ،انہوں نے کہا کہ 11اور12اگست کو منصورہ لاہور میں مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوگا جس میں مزید انتخابی جائزے سمیت مستقبل کا نقشہ بنائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہا، بہتر انتظامات کرنے کے باوجود نتائج کے وقت آپریشن ”ردوبدل“ نے سب پر پانی پھیر دیا، پارلیمنٹ میں نمائندہ سیاسی جماعتیں انتخابات میں بدترین دھاندلی پر تحفظات رکھتی ہیں جس کیخلاف آٹھ اگست کو مرکزی وصوبائی الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے اور وائٹ پیپر شائع کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد اصغر، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے بھی خطاب کیا، جبکہ صوبائی نائب امرائ، نائب قیمین اور سندھ بھر سے ضلعی امرا وجنرل سیکریٹری شریک تھے۔ قبل ازیں صوبائی امیر نے سراج الحق ودیگر مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔مرکزی امیر سینٹر سراج الحق نے لیاری کراچی سے منتخب رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کو مبارکباد اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔