ایران کے کئی شہروں میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے جاری
تہران(امت نیوز) معاشی بدحالی کے خلاف ایران کے کئی شہروں میں حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔جب کہ ہفتہ کے روز صوبے کرج میں مذہبی درسگاہ پر حملہ اور سامان نذر آتش کرنے کے واقعہ کے الزام میں مقامی فورسز نے متعدد افراد گرفتار کرلئے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذہبی درسگاہ پر حملے کے وقت مقامی فورسز کے نوجوان موقع پر پہنچ گئے تھے جس کے باعث زیادہ نقصان نہیں ہوا۔تاہم ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ 500 مشتعل افراد نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مذہبی درسگاہ میں اچانک ہلہ بول کر توڑ پھوڑ کی اور سامان کو آگ لگائی، دوسری جانب امریکی پابندیاں نافذ ہونے پر صدر حسن روحانی کو قدامت پسندوں اور مذہبی حلقوں کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔ قدامت پسندوں کے نیوز چینل قوم نے مشہد میں نماز جمعہ کے بعد ایک مظاہرے کی ایک ویڈیو نشر کی ہے، جس میں علما عوام سے خطاب میں کہہ رہے ہیں کہ منتخب نمائندوں کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں، ان کے پاس 2 پاسپورٹ اور بچے بھی ملک سے باہر ہیں، عدالت ایسے پارلیمنٹرینز کا محاسبہ کرکے انہیں سزا دے۔