پشتون موومنٹ رائو کی ضمانت کیخلاف احتجاجی مہم چلائے گی

0

محمد زبیر خان
پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) نے رائو انوار کی ضمانت کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوابی جلسے میں منظور پشتین ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور ریلیوں کا اعلان کریں گے۔ ابتدا میں کراچی میں جلسہ اور علامتی دھرنا دیا جائے گا۔ اگر راؤ انوار کی ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر کراچی اور اسلام آباد میں بیک وقت دھرنوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پشتون تحفظ موومنٹ نے پورے ملک میں اپنے ورکرز کو فعال رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
’’امت‘‘ کو پشتون تحفظ موومنٹ کے ذرائع سے دستیاب معلومات کے مطابق پی ٹی ایم آئندہ چند دنوں میں راؤ انوار کو ملنے والی ضمانت کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے اور یہ کہ اس احتجاجی مہم کا اعلان منظور پشتین بارہ اگست کو صوبہ خیبر پختتون کے ضلع صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق احتجاجی مہم کیلئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پورے ملک میں جہاں جہاں پشتون تحفظ موومنٹ کے لوگ موجود ہیں، ان کو بھرپور احتجاجی مظاہرے کرنے کا کہنا جائے گا۔ اگر پھر بھی مطالبہ نہ مانا گیا تو پھر کراچی اور اسلام آباد میں بیک وقت دھرنوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ احتجاجی تحریک نئی وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے قیام کے فوراً بعد شروع کر دی جائے گی۔ احتجاجی مظاہروں اور پھر دھرنوں سے قبل صوبائی حکومت اور وفاق کو خطوط لکھے جائیں گے اور اس سے پہلے سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا جائے گا کہ نقیب اللہ کیس کی پیروی مناسب طریقے سے کی جائے اور راؤ انوار کو ملنے والی ضمانت منسوخ کی جائے۔
اس حوالے سے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے ترجمان ڈاکٹر سید عالم محسود نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بارہ اگست کو صوابی میں منعقدہ جلسے میں تحریک کے سربراہ منظور پشتین راؤ انوار کو ضمانت اور خصوصی رعایات ملنے پر تحریک کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اس احتجاجی تحریک کے مکمل خد و خال کا اعلان منظور پشتین ہی کریں گے، جس کے بعد پورے ملک میں کارکنان رد عمل کا اظہار کریں گے۔ ایک سوال پر ڈاکٹر سید عالم محسود کا کہنا تھا کہ ’’یہ ظلم کی انتہا نہیں تو اور کیا ہے کہ اس وقت معمولی معمولی مقدمات میں لوگ جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں اور ان کی ضمانتیں تک نہیں ہو رہی ہیں۔ لیکن ایک ایسا شخص جس کے بارے میں پولیس نے خود کہا ہے کہ اس نے چار سو سے زائد پولیس مقابلے کئے اور جن کی اکثریت جعلی ہے، اس شخص کے خلاف نقیب اللہ کے قتل کا براہ راست الزام ہے، جس کے بارے میں ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ جعلی مقابلوں کا ماہر ہے۔ لیکن پہلے اس کو اپنے گھر میں نظر بند رکھا گیا، جہاں اسے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ اور پھر اس کو ضمانت دے دی گئی ہے۔ جبکہ نقیب اللہ کے کیس کو بھی ٹھیک طرح سے نہیں چلایا جارہا ہے۔ صاف نظر آرہا ہے کہ نقیب اللہ کے لواحقین کو انصاف نہیں مل رہا۔ بلکہ انصاف کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ لہذا یہ صورت حال ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ بارہ اگست کو منظور پشتین اس حوالے سے احتجاج کا اعلان کریں گے اور اس اعلان کے بعد پورے ملک میں احتجاج اور مظاہرے کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے پر ہمارے جائز مطالبے کو پورا نہ کیا گیا تو پھر احتجاج کریںگے اور یہ ایک بھرپور احتجاج ہوگا اور لوگ پرانے دھرنوں کو بھول جائیں گے‘‘۔
پشتون تحفظ موومنٹ کی کور کمیٹی کی رکن ثنا اعجاز نے ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح راؤ انوار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ راؤ انوار پر قتل کا الزام ہے۔ مگر وہ کبھی بھی جیل نہیں گیا اور اس کو کبھی ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی۔ اس سے کبھی تفتیش نہیں ہوئی۔ حقیقی معنوں میں اسے کبھی انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہی نہیں کیا گیا ہے۔ اس سب کچھ سے واضح پیغام جاتا ہے کہ بااثر لوگوں اور راؤ انوار جیسے لوگوں کے لئے قانون دوسرا ہے اور غریبوں کے لئے قانون الگ ہے‘‘۔ ثنا اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ ’’پہلے راؤ انوار کو ضمانت دی گئی اور اب باتیں گردش کر رہی ہیں کہ راؤ انوار کو واپس پولیس میں تعینات بھی کیا جارہا ہے۔ ایک سوال پر ثنا اعجاز نے کہا کہ ’’راؤ انوار کو جیل میں نہ رکھنے ہی سے انصاف کا گلا کھونٹ دیا گیا تھا اور اسے جب تعنیات کیا جائے گا تو وہ اپنے پورے گروپ کو فعال کر دے گا اور پھر اس کے بعد کون امید کر سکتا ہے کہ انصاف ہوگا۔ لہذا فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین احتجاجی تحریک کا اعلان بارہ اگست کو صوابی میں کریں گے اور پھر اس کے بعد ہم لوگ میدان میں ہوں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More