خسارے کے باوجود62لاک کی گاڑی خریدلی

0

کراچی(رپورٹ: راؤ افنان)سندھ یونیورسٹی میں78 کروڑ 18 لاکھ 47 ہزار کے خسارے اور پابندی کے باوجود شیخ الجامعہ فتح محمد برفت نے 62 لاکھ 14 ہزار 500 روپے مالیت کی ٹویوٹا فارچون خرید ڈالی، جامعہ کی 9 سے زائد گاڑیاں سیاسی شخصیات کو دی گئی ہیں جبکہ دیگر کا ذاتی استعمال کیا جا رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سندھ یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں جاری ہیں، جس میں سیاسی شخصیات کی مداخلت بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق وائس چانسلر سیکریٹریٹ کی جانب سے رواں سال اپریل میں ڈائریکٹریٹ آف پروکیورمنٹ کو خط لکھا گیا، جس میں 28 سو سی سی ٹویوٹا فارچون کی خریداری کی اجازت مانگی گئی۔ خط میں انچارج وہیکل پول وائس چانسلر سیکریٹریٹ کی جانب سے کہا گیا کہ وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے پاس پروٹوکول کیلئے مناسب گاڑیاں نہیں ہے، خط میں مزید بتایا گیا کہ وائس چانسلر اور ڈائریکٹر فنانس جامعہ کی جانب سے چیئرمین ایچ ای سی اور ڈائریکٹر جنرل فنانس ایچ ای سی سے پہلے ہی نئی گاڑی کی خریداری کے متعلق وفاقی فنانس ڈویژن سے اجازت لینے کی درخواست کر رکھی ہے، جس کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔ خط میں سیپرا رولز 2010 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مصدقہ ایجنٹ کے ذریعے لوکل مینوفیکچرر سے گاڑی کی خریداری کی جا سکتی ہے اور اس ضمن میں 62 لاکھ 14 ہزار 500 روپے میسرز انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ کے نام پر جاری کئے جائیں، جبکہ مذکورہ اخراجات کی کٹوتی مالی سال 18-2017 سے گاڑیوں کی خریداری کے نام پر کرلی جائے گی، جس کیلئے 80 لاکھ روپے مختص ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی گاڑی کی خریداری کیلئے نہ سینڈیکیٹ سے اجازت لی گئی اور نہ ہی صوبائی حکومت سے این او سی حاصل کی گئی جبکہ فنانس ڈویژن کے خط نمبر No.7(1)Exp.IV/2016-540 کے تحت مالی سال18-2017 کیلئے ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے ایچ ای سی کی جانب سے بھی گاڑی کی خریداری سے متعلق کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ سندھ یونیورسٹی کی بجٹ پروفائل کے مطابق جامعہ کی آمدنی ایک ارب 37 کروڑ 75 لاکھ 7 ہزار ہے، جبکہ وفاقی و صوبائی گرانٹ و دیگر سمیت کل 4 ارب 27 کروڑ 29 لاکھ 59 ہزار روپے کے مالی وسائل موجود ہیں جبکہ جامعہ کے کل اخراجات 5 ارب 5 کروڑ 48 لاکھ 6 ہزار روپے ہیں، جس میں جامعہ کا سالانہ مالی خسارہ 78 کروڑ 18 لاکھ 47 ہزار روپے کا ہے، تاہم خسارہ ہوجانے کے باوجود جامعہ انتظامیہ کی شاہ خرچیاں جاری ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سندھ یونیورسٹی وائس چانسلر سیکریٹریٹ کی 9 سے زائد گاڑیاں غیر متعلقہ، سیاسی شخصیات اور ذاتی استعمال میں ہیں، جن میں ٹویوٹا کرولا جی ایس بی 363، جی ایس بی 352 ،جی ایس بی 386، ٹویوٹا ویگو جی ایل 5058،سوزوکی اے پی وی جی ایل 4085، ہائی ایس وین جی ایس بی 384،سوزوکی مہران جی اے ایس 843،انڈس کرولا جی ایل 0063 ،کرولا جی ایس بی 383 اور سوزوکی سوئفٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔ خبر پر موقف کیلئے وائس چانسلر فتح محمد برفت سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More