اسلام آباد( اخترصدیقی)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف رواں ہفتے 3 اہم ترین مقدمات این آراو،منی لانڈرنگ اور حسین حقانی میموگیٹ اسکینڈل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقررہیں ۔این آراوکیس میں عدالت عظمی سابق صدر کے بیرون ملک موجوداثاثوں کی تفصیلات طلب کرچکی ہے۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے کاامکان ہے ۔واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 5 اکتوبر 2007 کو قومی مفاہمتی آرڈیننس جاری کیا جسے این آر او کہا جاتا ہے،اس قانون کے تحت 8 ہزار سے زائد مقدمات بھی ختم کیے گئے۔ 24 اپریل کو سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کو بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ادھر منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے متعدد بارطلبی کے باوجودشریک پی پی چیئرمین کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کو اہم بنک ریکارڈمل چکا ہے۔تیسرا اہم ترین مقدمہ میموگیٹ اسکینڈل ہے۔حسین حقانی کو آصف علی زرداری نے صدرمنتخب ہونے کے بعد امریکہ میں سفیر مقرر کیا تھا ڈھائی برس کے دوران ہی2011 میں میمو گیٹ اسکینڈل سامنے آیا ،جو 7سال گذرنے کے باوجود تاحال حل طلب ہے۔ذرائع نے’’ روزنامہ امت‘‘ کوبتایا کہ 9اگست جمعرات کوسپریم کورٹ میں میموگیٹ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوگی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا،جسٹس عمرعطاء بندیال اورجسٹس اعجاز الاحسن بنچ کاحصہ ہوں گے ۔سپریم کورٹ نے مرکزی ملزم حسین حقانی کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کررکھے ہیں ایف آئی اے نے امریکہ میں حسین حقانی کی رہائش گاہ پرسمن ارسال کیے تھے جس کاتاحال کوئی جواب نہیں دیاگیاہے ذرائع کاکہناہے کہ ان سمن کووصول ہی نہیں کیاگیاہے اور انٹرپول کوبھی ایف آئی اے تاحال مطمئن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے اس کیس میں مزیدتاخیر ہونے کاامکان ہے اور رواں ہفتے ایف آئی اے کی جانب سے جواب میں مزیدمہلت طلب کیے جانے کابھی امکان ہے ۔انٹرپول کی جانب سے بعض سوالات ارسال کیے گئے تھے جن کے جوابات بھی ایف آئی اے نے بھجوادیے ہیں ۔اس کے باوجودتاحال حسین حقانی کے معاملے میں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ۔حسین حقانی کی امریکہ میں لابی مضبوط ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکی ہے اس کے لیے مزیدمہلت دی جائے وزارت خارجہ اور داخلہ اپنے اپنے طورپر کام کررہی ہیں تاہم پیش رفت ہونے میں مزیدوقت لگ سکتاہے ۔