جی ڈی اے کا 14 اگست کے بعد دھاندلی کیخلاف احتجاج کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی کے بعد دھاندلی کے خلاف ہڑتال، دھرنے اور احتجاج کیا جائے گا۔ جی ڈی اے نے الزام لگایا ہے کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دئیے بلکہ زبردستی عوامی منڈیٹ چرا کر اسے کامیاب کرایا گیا ہے۔ جی ڈی اے کا اجلاس پیر کی شام اتحاد کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی قیام گاہ پر ہوا جس میں حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل اور ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل ایز لطیف پلیجو نے کہا کہ ان انتخابات میں سندھ کے لوگوں کے عوامی منڈیٹ کو چرا لیا گیا، عوام نے ہمیں ووٹ دئیے لیکن پیپلز پارٹی کے لوگوں کو کامیابی دلانے کے لئے دھاندلی کی گئی اور زبردستی پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے ۔ ایاز لطیف پلیجو نے الزم لگایا کہ بادشاہ سلامت کے کہنے پر جی ڈی اے کے رہنماؤں کے انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے، رزلٹ شیلڈ تبدیل کر دی گئیں اور پولنگ اسٹیشنوں سے ہمارے نمائندوں کو زبردستی باہر نکال دیا گیا اور گنتی کا عمل بھی ان کی موجودگی میں نہیں ہوا۔