خواجہ آصف-رانا ثنا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن رک گیا
اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رانا ثنا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا گیا-این اے 73 سے خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کر دیا گیا جبکہ فیصل صالح حیات بھی نتائج کے خلاف عدالت چلے گئے، عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں لاہور ہائی کوٹ کی جانب سے دوبارہ گنتی کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو این اے 106 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق این اے 106 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر نثار نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کے استقبال کو حج کے مترادف قرار دیا۔درخواست میں کہا گیا کہ رانا ثنا اللہ نے آئین کے آرٹیکل 62،63 کی خلاف ورزی کی ہے۔عدالت نے رانا ثنا اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے حلقہ این اے 73سے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار خواجہ محمد آصف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ درخواست میں الیکشن کمیشن ، ریٹرننگ آفیسر اور خواجہ محمد آصف کو فریق بنایا گیا ہے۔لاہورہائیکورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس نےاین اے 73 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست سماعت کیلئے جسٹس مامون الرشید کو بھجوا دی ہے،وہ آج منگل کو سماعت کریں گے۔ دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں لاہور ہائی کوٹ کی جانب سے دوبارہ گنتی کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این 131 لاہور میں اپنے مخالف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سعد رفیق کو بہت کم مارجن سے شکست دی تھی جس پر سابق وزیرریلوے نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی۔الیکشن کمیشن نے این اے 131 لاہور میں صرف مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جس میں عمران خان کی جیت برقرار رہی تاہم سعد رفیق نے فیصلہ تسلیم نہیں کیا اور اس سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔سعد رفیق نے لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی جیت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کی جس پر عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو این اے 131 لاہور سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا، سپریم کوٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سعد رفیق کی ہائی کورٹ میں درخواست قابل سماعت نہیں تھی، ہائیکورٹ نے آئین اور قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا لہذا لاہور ہائیکورٹ کاووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔ ادھر پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل صالح حیات نے حلقہ این اے 114 کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے میرے حق میں مزید 208ووٹوں کا اضافہ ہوا ۔حلقے میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 12970ہے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ 151سے کامیاب امیدوار میاں اسلم اقبال کی کامیابی کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔