لانڈھی میں قتل ہونے والا پی ایس پی کارکن جرائم پیشہ نکلا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لانڈھی میں دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والا پاک سرزمین پارٹی کا کارکن جرائم پیشہ تھا اور 2016 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں جیل بھی جاچکا تھا ، اتوار کے روز قتل ہونے والےتابش کو مارنے پر گرفتار دو سگے بھائیوں حمید اور نوید نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ وہ خرم آباد میں مقتول تابش کے گھر کے سامنے رہائش پذیر ہیں اور ان کی بچپن سے تابش سے دوستی تھی،علاقے میں رہائش پذیر لڑکی (م) سے ملزم حمید اور مقتول تابش کی دوستی تھی اور دونوں اکثر اس لڑکی کو اپنے ساتھ لے کر گھومتے تھے ، جس پر ان دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا بھی ہوتا تھا ، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملزم حمید اپنے بھائی نوید کے ساتھ خرم آباد میں و اقع پارک میں بیٹھ کر شراب پی رہا تھا کہ اس دوران مقتول تابش بھی انکے پاس آگیا اور شراب پینے لگا ، اسی دوران دوست لڑکی کے معاملے پر حمید اور تابش کا جھگڑا ہوگیا تھا اور دونوں نے ایک دوسرے کو مارنا شروع کردیا ، مقتول تابش اپنے دوست حمید کو مار رہا تھا کہ اس دوران بھائی کو پیٹتا دیکھ کر نوید نے قریب میں رکھا بلاک تابش کے سر پر مار دیا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا ، جس کے بعد دونوں بھائیوں نوید اور حمید نے تیز دھار چھری کی مدد سے تابش کا گلہ کاٹ دیا اورفرار ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا نوجوان اور ملزمان جرائم پیشہ ہیں اور مقتول تابش کچھ عرصہ پہلے ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوکر آیا تھا جس کے بعد اسکی ملزم حمید کی گرل فرینڈ (م) سے دوستی ہوگئی تھی ، لڑکی مقتول تابش کے گھر آتی جاتی تھی ، جس پر ملزم حمید کی تابش سے کئی مرتبہ ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی ، ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے اس کیس کے تفتیشی افسر دلاور خٹک نے بتایا کہ ملزمان حمید نوید اور مقتول تابش اکثر مل کر وارداتیں بھی کرتے تھے لیکن ان کے درمیان کئی ماہ سے لڑکی کے چکر میں جھگڑے ہورہے تھے، تفتیش افسر نے مزید بتایا کہ مقتول نے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More