کراچی(اسٹاف رپورٹرلیاری گینگ وار کارندوں کے تصادم میں لڑکی ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیاتفصیلات کے مطابق عیدو لین میں زاہد لاڈلہ کے تین کارندے مخالف راشد چکنا گروپ کے کارندے کے تعاقب میں گھر میں گھس گئے اور اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں14 سالہ لڑکی حنیفہ دخترشاہجہاں ہلاک اور راشد چکنا کاکزن در محمد زخمی ہوگیا، واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، پولیس نے موقع سے گولیوں کے خول تحویل میں لے لئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے عیدو لین میں گینگ وار زاہد لاڈلہ کے کارندوں نے مخالف گروپ کے کارندے در محمدکو اکیلا پا کر پکڑنے کی کوشش کی جو بھاگتا ہوا گلی نمبر 9 کے ایک گھر میں گھس گیا، تاہم تینوں کارندے اس کا تعاقب کرتے ہوئے گھر میں گھس گئے او اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں در محمد ولد محمد ابراہیم زخمی ہوگیا اور چھت سے چھلانگ لگا کر رکشے میں بیٹھ کر سول اسپتال پہنچا، ایس ایچ او محمد علی شاہ کے مطابق گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں14 سالہ حنیفہ دختر شاہجان شدید زخمی ہوگئی جو دوران علاج دم توڑ گئی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ذرائع کے مطابق عیدولین گلی نمبر 9 اور اطراف کی گلیوں میں گینگ وار منشیات فروشوں کے ڈیرے ہیں جہاں منشیات کھلے عام فروخت ہو تی ہے ۔ ذرائع کے مطابق زخمی درمحمد کو پولیس نے اسپتال سے حراست میں لے لیا ،زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،تاہم پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔دریں اثنا لانڈھی کے سیکٹر 36/Bمیں دوران ڈکیتی مزاحمت پر شجاع ولد قیصر کو فائرنگ کر کے زخمی کردیاگیا ۔