پی آئی اے حج پرواز کی ہنگامی لینڈنگ سے 4ٹائر پھٹ گئے

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے حج پرواز کی ہنگامی لینڈ نگ سے طیارے کے 4 ٹائر پھٹ گئے ، طیارہ لاہور سے جدہ جارہا تھا کہ ایک پرندہ انجن سے ٹکراگیا ، تاہم طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ پیرس سے آتے طیارے میں اے سی بند ہوجانے سے نومولود کی طبیعت بگڑنے پر تحقیقات شروع اور نوٹسز جاری کردئیےگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی سعودی عرب جانےوالی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی ،قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 2057لاہور ایئرپورٹ سے جدہ کیلئے 395 عازمین حج کو لے جا رہی تھی کہ ٹیک آف کے دوران پرندہ انجن سے ٹکراگیا، کپتان نے اچانک ایمرجنسی بریک لگائی تو دھماکے سے جہاز کے 4 ٹائر پھٹ گئے ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں موجود تمام مسافر محفوظ ہیں،جنہیں فوراً لاؤنج منتقل کردیا گیا۔اب انہیں دوسری پروازسے روانہ کیا جائے گا۔ دوسری طرف پی آئی اے کےچیف ایگزیکٹیو افسر مشرف رسول سیان کی جانب سے پیر س میں ایئر پورٹ پر کھڑے پی آئی اے کے طیارے کا ایئرکنڈیشن بند ہونے کی وجہ سے نومولود بچے کی طبیعت خراب ہونے کا نوٹس لے لیا گیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ 3 اگست کو پیرس سے پرواز پاکستان آنے کے لیئے تیار تھی اور جہاز کے دروازے بھی بند کردیئے گئے تھے تاہم طیارے کو اڑان بھرنے کا سگنل نہ ملنے پر ایئر کنڈیشن سسٹم نے کام چھوڑ دیا جس پر مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اسی اثنا میں ایک خاتون مسافر اپنے نومولود بچے کو گود میں اٹھا ئے بھاگتی ہوئی آئی ‘خاتون بچے کو سانس نہ آنے کی شکایت کررہی تھیں ‘مسافر بھی ان کی طرف متوجہ ہوئے اور طیارے کے عملے کو ایئر کنڈیشن ٹھیک نہ ہونے پر طیارے کا دروازہ کھولنے کا مطالبہ کرنے لگے ،بچے کی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہونے پر خاتون رونے لگیں اور دروازہ کھولنے کی دہائیاں دینے لگیں ‘پی آئی اے کے عملے نے طیارے کا دروازہ کھولنے میں تاخیر کی جس پر مسافروں نے ہنگامہ کیا ‘بعد ازاں طیارے کا دروازہ کھول دیا گیا اور بچے کو کھلی فضا میں لانے پر اس کی طبیعت بحال ہوگئی ‘وہیں گراؤنڈ ہینڈلنگ فراہم کرنے والی کمپنی نے ایئر کنڈیشن سسٹم میں آنے والی خرابی بھی دور کی تاہم پرواز کے ٹیک آف میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ‘خاتون اور دیگر مسافروں کی جانب سے احتجاج کے دوران ایک مسافر نے واقعہ کی فلم بندی کی اور بعد ازاں اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا ‘سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور فرانس میں گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ،طیارے کے کپتان اور آؤٹ اسٹیشن منیجر کو نوٹس جاری کردیئے۔ ترجمان پی آئی اے نے امت کو بتا یا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو ادھوری ہے جبکہ مکمل ویڈیو میں خاتون کی جانب سے بچے کی ٹریٹمنٹ ہونے کے بعد پی آئی اے کے عملے کا شکریہ ادا کیا گیا تھا ‘انہوں نے کہا کہ بعض عناصر پی آئی اے کے خلاف سازش کرنے میں مصروف ہیں اور چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More