شہباز- بلاول اور سراج الحق الیکشن کمیشن پر احتجاج سے غائب
اسلام آباد (نمائندگان امت) عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف قائم اتحاد الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن کے تحت بدھ کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر اہم سیاسی قائدین ’’غائب‘‘ رہے ہیں ۔ ملک بھر کے نجی ٹی وی چینلز نے صرف دارالحکومت میں کئے جانے والا احتجاجی مظاہرہ نشر کیا جبکہ ملک بھر میں اپوزیشن کی احتجاجی سرگرمیوں کی کوریج گول کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف قائم اتحاد الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن کے تحت بدھ کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر اہم سیاسی قائدین ’’غائب‘‘ رہے۔مظاہرے کی کال نواز لیگ کے صدر شہباز شریف نے دی تھی۔تاہم وہ موسم کی خرابی کے باعث بذریعہ طیارہ اسلام آباد نہ پہنچ سکے۔مظاہرے کے موقع پر نواز لیگی قائدین انتہائی سرگرم دکھائی دیے تاہم وہ پارٹی لیڈر کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے مایوس نظر آئے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری بھی مظاہرے میں شریک نہ ہوئے اور ان کی جماعت کی نمائندگی بھی دوسرے درجہ کے رہنماؤں نے کی ۔امیر جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سراج الحق بھی الیکشن کمیشن پر ہونے والے احتجاج میں شریک نہ ہوئے ۔