تھر میں حمزہ شہباز کے نام سرکاری اراضی منتقلی کی نیب تحقیقات

0

اسلام آباد( رپورٹ: اخترصدیقی)قومی احتساب بیوروملتان نے صحرائے تھرمیں حمزہ شہبازکے نام سرکاری اراضی کی منتقلی کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس بارے تمام تر ریکارڈبھی طلب کرلیاہے، سابق لیگی ایم پی اے قیصرمگسی،سابق صوبائی وزیرآبپاشی ملک احمدعلی اولکھ سے الاٹمنٹ کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔دوسری جانب قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جناب جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کا تیسرے روز دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم صاحب کی جانب سے انہیں انتہائی اہم کیسز اور نیب لاہور کو موصول کرپشن کی شکایات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں شامل کیسز جن میں فیروز پور سٹی انتظامیہ کیخلاف عوام سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے باعث خطیر رقوم سے محروم کرنے پر تحقیقات، سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرا اور اظہر قیوم ناہرا کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی اثاثہ جات کے خلاف جاری انکوائری، سابق وفاقی وزیرسعد رفیق کیخلاف 55لوکو موٹوز کی خریداری میں مبینہ مالی بدعنوانی اور ریلوے زمین کی مبینہ غیر قانونی لیز کے علاوہ ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کی مد میں مبینہ طور پر خطیر رقوم خرچ کرنے کیخلاف شکایت، سابق صوبائی وزیر سیف الملوک کھوکھر کیخلاف مبینہ غیر قانونی اثاثہ جات کی شکایت اور سابق ایم این اے ناصر اقبال بوسال کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور مبینہ بے نامی جائیدادیں رکھنے کے خلاف شکایت ، سابق چیئر مین ای ٹی پی بی، صدیق الفاروق کیخلاف سرکاری اراضی کی مبینہ طور پر غیر قانونی لیز کے خلاف شکایت، سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ، علی جان کیخلاف آمدن سے زائداثاثہ جات اور ہیلتھ پراجیکٹس میں مبینہ مالی بدعنوانی کی شکایت، سابق چیف انجینئر، اسرار سعید کیخلاف ایل ڈی اے پراجیکٹس میں مبینہ مالی بدعنوانی کی شکایت، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے خلاف مبینہ غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف شکایت، میونسپل کارپوریشن، گوجرانوالہ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف 247 کنال سرکاری اراضی کی مبینہ غیر قانونی فروخت کی شکایت،ایم این اے ریاض الحق کیخلاف ضلع اوکاڑہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کی مد میں مبینہ مالی بدعنوانی کی شکایت، پنجاب پولیس کے سینئر افسران سابق سی سی پی او امین وینس، سابق ڈی آئی جی حیدر اشرف اور کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کیخلاف شکایت، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں لیکچرز کی مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیوں کی شکایت ، ایل ڈی اے افسران کیخلاف فیروزپور روڈ تا ملتان روڈ دو رویہ سڑک کی کشادگی پراجیکٹ میں مبینہ مالی بدعنوانی کی شکایت، سابق وزیر میاں منظور احمد وٹو کے خلاف بدعنوانی کی شکایت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ تمام افسران زیر تفتیش کیسز کو 10ماہ کے دورانیہ میں مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں جس میں ملزمان کی فوری طلبی کو یقینی بنایا جائے تاہم انہیں ایم این اے اظہر قیوم ناہرا کی 10اگست کو نیب لاہور میں طلبی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔چیئر مین نیب نے کہا کہ نیب میں اب صرف کیس دیکھے جاتے ہیں چہرے نہیں ہمارا فوکس بہترسے بہترین کی جانب ہے۔ اس موقع پر نیب افسران کو تلقین کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ نیب افسران قانون کے مطابق اور آزادانہ کام کریں اورتمام کیسز کی تحقیقات جامع ہونی چاہئیں جبکہ اس دوران کسی گواہ یا شکایت کنندہ کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔ عام آدمی کی شکایت کے باقاعدہ ازالہ کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جانے کے احکامات صادر فرماتے ہوئے کہا کہ نیب میں جمع کرائی گئی ہر شکایت پر نہ صرف باقاعدہ کارروائی کی جائے بلکہ متاثرین کو ٹیلی فون کے ذریعے آگاہ بھی کیا جائے۔چیئر مین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کے تفتیشی افسران مجموعی طور پر نیب کی کارکردگی میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں انکی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے نیب میں کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم (CIT)کے نظام کے تحت کیسز کی تحقیقات کئے جانے کے عمل کو بھرپورسراہا۔کروڑلعل عیسن اورچوبارہ کے اسسٹنٹ کمشنرزنے ریونیوریکارڈکی پڑتال شروع کردی اوراراضی ریکارڈسینٹرلیہ وچوبارہ سے بھی تینوں سیاسی شخصیات کی جائیدادکی رپورٹ طلب کر لی ہے،اے سی نے 24 گھنٹے میں ریکارڈاوررپورٹ کی فراہمی کاحکم دیاہے ۔رپورٹ ملنے کے بعدبعض افراد کی گرفتاریوں کابھی امکان ہے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ نیب نے بعض سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف بھی کارروائی کے لیے معاملات کاجائزہ لیاجارہاہے اور اہم سیاسی شخصیات کی گرفتاریون کابھی امکان ہے ذرائع نے گرفتاریوں کے حوالے سے ابھی مزید معاملات کوصیغہ رازمیں رکھاجارہاہے ۔معاملات سامنے ا ٓنے پر ملزمان کابیرون ملک فرار ہونے کااندیشہ ہے ۔نیب کے ترجمان نے بتایاکہ بدعنوان عناصرکے خلاف گھیرا مزیدتنگ کیاجارہاہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More