کراچی(اسٹاف رپورٹر) نقیب اللہ قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں ملوث سابق ایس ایس پی راؤ انوار کی ضمانت کی منسوخی کے لیے مقتول کے والد محمد خان نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نقیب محسود کے قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار طویل عرصہ تک مفرور رہا تھا اور راؤ انوار کو بااثر ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔راؤ انوار نے کیس کے اہم شواہد ضائع کرنے کوشش کی، جبکہ اے ٹی سی نے ضمانت منظور کرتے ہوئے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا۔ملزم ضمانت پر رہائی کے دوران تفتیش پر اثر انداز ہوسکتا ہے ۔لہذا استدعا ہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی ضمانت منسوخ کی جائے۔