حمزہ بن لادن کو ایران نے افغانستان بھجوایا- سوتیلے بھائی کا انکشاف

0

تہران(خبرایجنسیاں)ایران نے القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے ایک بیٹے اور ان کے ممکنہ جانشین حمزہ کو سعودی عرب کے حوالے کرنے کے بجائے افغانستان بھیج دیا ہے۔حمزہ تہران میں اپنی والدہ خیریہ صابر کے ساتھ مقیم تھے۔لندن سے شائع ہونے والے اخبار الشرق الاوسط نے بن لادن خاندان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’’ اسامہ بن لادن کے کئی بیٹے اپنی بیویوں کے ہمراہ ایران سے سعودی عرب جا چکے ہیں اور اس وقت وہ وہیں رہ رہے ہیں ‘‘۔القاعدہ کے سابق سربراہ کے چوتھے بیٹے 37 سالہ عمر نے الشرق الاوسط کو بتایا کہ ان کی والدہ نجویٰ الغنم سے پانچ بھائی اور بہنیں محمد ، بکر ، فاطمہ ، ایمن اور عثمان تہران میں رہ رہے تھے۔ ’’ سعودی عر ب کے اعلیٰ حکام کے روابط کے نتیجے میں ان کی آبائی وطن میں واپسی ممکن ہوئی تھی‘‘۔عمر نے وضاحت کی ہے کہ اگر ایران ان کے بھائی حمزہ کو ملک چھوڑنے اور سعودی عرب یا قطر جانے کی اجازت دے دیتا تو تاریخ تبدیل ہو چکی ہوتی اور اس کا پیچھا بھی نہیں کیاجاتا۔اخبار کے مطابق عمر نے اپنے سوتیلے بھائی حمزہ کی القاعدہ کے ایک رہ نما ابو محمد المصری کی بیٹی کے ساتھ شادی کی بھی تصدیق کی تاہم ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ حمزہ کی نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر نائن الیون طیارہ حملوں کے ایک ہائی جیکر محمد عطا کی بیٹی سے شادی ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More