قومی اسمبلی اجلاس کے لئے سمری بھجوادی گئی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی۔نمائندہ امت) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات علی ظفر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کے لئے سمری بھجوادی گئی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ہمارا اصل کام تھا اور یہ ذمہ داری ہم نے پوری کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹی فکیشن جاری ہونے کا انتظار تھا، اب معالات آنے والی حکومت سنبھالے گی اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت 15 اگست سے پہلے اجلاس بلانا لازمی ہے۔ سمری ارسال کردی گئی ہے جس میں 12 سے 14 اگست کے درمیان قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے کہا ہے۔ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کہاگیاہے کہ غیرضروری تاخیر کاتاثر غلط ہے ۔ 7 اگست 2018ء کو کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ آئین کے آرٹیکل 51 (d)کے تحت آزاد اراکین کو نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی 3تین دن کے اندر کسی نہ کسی سیاسی پارٹی میں شمولیت کرنی ہوتی ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس حلف نامہ جمع کرانا ہوتا ہے جس کے لئے آخری تاریخ 9 اگست 2018ء مقر ر ہے اس کے بعد آرٹیکل 51کے تحت سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ ہوتی ہے جس کا نوٹیفکیشن 11 اگست 2018ء کو کر دیا جائے گا۔ اس لئے یہ کہنا کہ الیکشن کمیشن غیر ضروری تاخیر کر رہا ہے بالکل غلط اور الیکشن ایکٹ 2017 ء کے منافی ہے