گٹر کی زہریلی گیس سے 2خاکروب ہلاک-تیسرا بیہوش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میں گٹر کی صفائی کے دوران 2 خاکروب زہریلی گیس سے ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ کالونی کے علاقےروبی موڑ 24 مارکیٹ کے قریب 3 خاکروب گٹر کی صفائی کیلئے اترے تو اندرموجود زہریلی گیس سے تینوں بے ہوش ہوکر گٹر میں گر گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے کے رضا کار اور علاقہ مکینوں نے تینوں کو گٹر سے نکال کر فوری قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں 2 خاکروبوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں متوفین کی شناخت 28 سالہ افتخار ولد ریاست اور 25 سالہ سنیل کے نام سے ہوئی جبکہ وسیم ولد صدیق زیر علاج ہے، جسکی حالت نازک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفین گٹر کی صفائی کیلئے گٹر میں اترے تھے کہ زہریلی گیس سے ہلاک ہوگئے۔ متوفین کرسچن پاڑہ کے رہائشی تھے۔