گلشن اقبال میں نجی اسکول غیرقانونی قرار دے کر سیل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال ورکس کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں واقع ایک نجی اسکول کو سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے غیر قانونی قرار دے کر سیل کردیا۔ایس بی سی اے کے مطابق اسکول کی عمارت بغیر اجازت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ایس بی سی اے نے مقامی افراد کی شکایات موصول ہونے کے بعد اسکول کو سیل کیا، جن کا کہنا تھا کہ اسکول اوقات کے دوران سڑک پر ٹریفک جام ہوجاتا ہے، جس سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سیل کیے گئے نجی اسکول میں 100سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں، تاہم بچے جب صبح اسکول پہنچے تو انہیں اسکول کا دروازہ بند ملا، جس کے بعد طلباء سمیت والدین اور اسکول اسٹاف بھی فٹ پاتھ پر بیٹھ گیا۔اسکول انتظامیہ کے مطابق اسکول سیل کرنے سے قبل ایس بی سی اے کی جانب سے کوئی نوٹس یا وارننگ نہیں بھیجی گئی تھی۔دوسری جانب ڈائریکٹر اسکول کی ہدایت پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں پرائیویٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز کی رجسٹرار رفیعہ ملاح شامل ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز انسٹی ٹیوشنز عبدالرزاق قاضی کے مطابق ایس بی سی اے کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائے گی، کیونکہ اسکول کو بغیر نوٹس کے سیل کیا گیا ہے۔ادھر ایس بی سی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ نجی اسکول رہائشی پلاٹ نمبر B-147,148بلاک 18پر قائم ہے، جسے کمرشل بنیاد پر استعمال کیا گیا ہے، جو غیرقانونی عمل ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اسکول مالک اور انتظامیہ کی درخواست پر سیل ختم کرکے اسکول انتظامیہ کو 60یوم کی مہلت دی گئی ہے ، تاکہ اسکول کوکمرشل عمارت میں منتقل کرلیا جائے۔