قومی اسمبلی کے 2آزاد ارکان تحریک انصاف سے ہا تھ کر گئے

0

اسلام آباد؍ کراچی (محمد فیضان ؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے ساتھ قومی اسمبلی کے 2آزاد ارکان ثنا اللہ مستی خیل اور غفار وٹو ہاتھ کر گئے۔انہوں نےپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلا ن کیا تھا۔ الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے کل 7آ زاد ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حلف نامے جمع کر ائے ہیں حالانکہ تحریک انصاف نے 9 آزاد ارکان کی شمولیت کا دعویٰ کیا تھا ۔آزاد امیدواروں کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا جمعرات کو آخری دن تھا ۔ذرائع کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 31 نو منتخب آزاد ارکان نے الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے حلف نامے جمع کرائے جن میں 7 قومی اور 24 صوبائی اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ جن 7نو منتخب آزاد ارکان قومی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حلف نامے جمع کرائے ان میں این اے 13 سے صالح محمد ، این اے 101 سے محمد عاصم نذیر، این اے 150 سے سید فخر امام، این اے 166 سے عبدالغفار، این اے 181 سے شبیر علی، این اے 190 سے امجد فاروق اور این اے 205 سےعلی محمد شامل ہیں تاہم بھکر سے ثنا ا للہ مستی خیل اور بہا ولنگر سے غفار وٹو نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ ادھر جھنگ سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی محمد معاویہ اعظم نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے پاکستان راہ حق پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تاہم انہوں نے وزارت اعلیٰ کے انتخابات میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ مولانا محمد معاویہ اعظم نے جھنگ کی صوبائی نشست سے فتح سمیٹی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری سرور نے ان سے ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کی با ضابطہ دعوت دی ۔ بعد ازاں پی ٹی آئی میں موجود افراد نے چوہدری سرور کے اس اقدام کی مخالفت کی جس پر تحریک انصاف نے اعلان کیا کہ وہ کسی کالعدم جماعت کے فرد کو اپنی پارٹی میں جگہ نہیں دے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More