عمران نے متحدہ کیخلاف پارٹی رہنمائوں کی زبان بندی کرادی

0

اسلام آباد/ کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک/امت نیوز) ایم کیو ایم سے اتحاد کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات کی تصدیق ہوگئی۔وزارت عظمی کیلئے بے چین عمران خان اس تنظیم کی نازبرداریاں کرنے لگے جسے وہ خود ہشت گرد کہتے اور کراچی کے عوام کو نجات دلانے کے وعدے کرتے تھے۔ وزیراعظم کے انتخاب میں صرف7 ووٹوں کی خاطر کپتان نے پارٹی رہنماؤں کو شٹ اپ کال دے دی اور کہا ہے کہ متحدہ کے خلاف کوئی بات نہ کی جائے۔بنی گالا میں پارٹی قائد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے لگی لپٹی رکھے بغیر صاف بتایا دیا کہ انہیں عمران خان نےایم کیو ایم سے اتحاد کے معاملے پر بولنے سے منع کیا ہے، اس لئے خاموش رہوں گا۔دوسری جانب ایم کیو ایم نے صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بلیک میلنگ کا روایتی ہتھکنڈہ اپنالیا اور مطالبہ کیا ہے کہ فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نہ بنایا جائے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کراچی کے صدر کو کسی صورت اپوزیشن لیڈر قبول نہیں کرسکتے اور اگر ایسا کیا گیا تو اتحاد متاثر ہوگا۔اسلام آباد میں میڈیا سےفردوس شمیم نقوی کی بات چیت کی مزید تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے رہنما نے کہا کہ میں نے کبھی عہدے کی خواہش نہیں کی۔ سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین کریں گے، گورنر سندھ کے معاملے پر آج کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔عمران خان نے یہ بھی کہاکہ اس وقت حکومت بنانا سب سے اہم ہے، تلواریں میان میں رکھیں۔ایم کیو ایم کے خلاف کچھ نہ بولیں۔خرم شیرزمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ میرے بیان سے مجھے فائدہ ہوا، 22 سال سے پارٹی میں ہوں،اتنی شہرت کبھی نہیں ملی، کراچی کی ترقی کے لیے جو بھی ساتھ دے گا اس کو خوش آمدید کہیں گے۔ اصولوں پر ایم کیو ایم ہمارا ساتھ دے گی تو ہم اس کا ساتھ دیں گے۔ عمران خان نے اہلیان کراچی کے لئے ڈبل ڈیکر بسیں دے کر سفری سہولیات دینے کیساتھ ساتھ پانی کے مسئلے کو حل کرنے اور بہترین بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ کیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More