یمن میں سعودی اتحاد کی بمباری سے بچوں سمیت 43 جاں بحق

0

صنعا (امت نیوز) یمن میں سعودی اتحاد کی بمباری سے بچوں سمیت 43جاں بحق جبکہ 63افراد زخمی ہوگئے، حوثیوں کے سعودی عرب پر میزائل حملے کے جواب میں سعودی اتحاد کی بمباری کا نشانہ غلطی سے اسکول بس بن گئی، سعودی شہر جزان پر حوثیوں نے میزائل حملہ کیا جبکہ ایک اور حملے میں ایک شہری شہید اور 11 زخمی کردئیے ۔ تفصیلات کے مطابق حوثیوں نے سعودی صنعتی شہر جزان پر میزائل داغا جسے فضامیں ہی اڑا دیاگیا مگر انتہاپسندوں نے قریب کے علاقے سے ایک اور حملہ کرکے جزان میں ہی ایک یمنی شہری شہید اور 11 افراد زخمی کردئیے ، جواب میں سعودی اتحاد نے ایران نواز حوثی باغیوں کے زیر قبضہ صعدہ صوبے کے ایک علاقے میں بمباری کی جس میں غلطی سے ایک اسکول بس نشانہ بن گئی اور 29 بچوں سمیت 43 افراد جاں بحق اور 63 زخمی ہوگئے۔ بس صعدہ صوبے کے شہر ضحيان کی ایک مارکیٹ سے گزر رہی تھی جب یہ بمباری کی زد میں آگئی ۔سعودی اتحاد نے صعدہ صوبے میں حوثی باغیوں کے میزائل لانچنگ پیڈز کو نشانہ بنانا تھا جہاں سے سعودی دارالحکومت ریاض اور دیگر شہروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ یمن کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ان کی بمباری قانونی طور پر درست تھی تاہم اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ انھوں نے ایک درست کارروائی کی جو بین الاقوامی ضوابط کے مطابق جائز تھی سعودی اتحاد کی فضائیہ نے عام شہریوں یا بچوں کو کبھی بھی جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا ۔ترجمان نے حوثیوں پر بچوں کو اپنے حملوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ڈھال بنانے کا بھی الزام لگایا۔ ان کے مطابق جزان کے قریبی علاقے عمران کے حوثی باغیوں نے ایک میزائل داغا تھا جس میں ایک شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More