نگراں حکومت نے عمران کی امیدوں پر اوس ڈال دی

0

پشاور/اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) نگراں حکومت نے عمران خان کی امیدوں پراوس ڈال دی۔14اگست کو وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے نومنتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کردی ہے، جس کے لیے سمری صدر مملکت کو بھجوا دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا ،جبکہ قائد ایوان کا انتخاب یوم آزادی کی تعطیل کے بعد ہوگا۔سمری صدر کوبھجوائے جانے کے بعد تحریک انصاف نے وزیراعظم کے حلف کے لئے 15سے 17اگست تک کی تاریخیں دے دی ہیں ۔اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما تواتر کے ساتھ یہ بات کہتے رہےتھے کہ عمران خان 14اگست کوحلف اٹھائیں گے ۔اس علاوہ 16اگست کو صدر مملکت کے بیرون ملک دورے پر روانگی کے شیڈول سے بھی تحریک انصاف پریشان ہے اور اس نے دورہ ایک دن کے لئے موخر کرنے کی درخواست کردی ہے ۔دوسری جانب گورنر خیبرپختون اقبال ظفر جھگڑا نے خیبرپختون اسمبلی کا اجلاس 13 اگست بروز پیر طلب کرلیا ہے ۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ممبران حلف لیں گے۔اعلامیہ کے مطابق 13 اگست کو اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا جبکہ قائد ایوان کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔ جبکہ 28 آزاد ارکان قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروادیا ہے ۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More