گینگ وار کارندے غیر ملکی نمبروں سے بھتہ مانگنے لگے

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اولڈ سٹی ایریا میں لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے ایک بار پھر بھتہ خوری شروع کردی ہے۔گینگ وار کے دہشت گردوں نے غیر ملکی نمبروں کے ذریعے واٹس اپ پر بھتہ کی رقم مانگنا شروع کردی ۔اولڈ سٹی ایریا کے ایک تاجر سے گینگ وار کے دہشت گردوں نے واٹس اپ کال کر کے بھتہ مانگا اور نہ دینے پر گھر کے افراد کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد بھتہ خوری کا سلسلہ ختم ہوا، تاہم امن ہوتے ہی لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بھتہ مانگنا شروع کردیا۔ گینگ وار کے فیصل پٹھان گروپ کے دہشت گردوں نے اولڈ سٹی ایریا کے تاجر کو واٹس اپ نمبر پر غیر ملکی نمبرز سے آڈیو پیغام کے ذریعے بھتہ طلب کیا اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دے دی۔تاجر کو موصول ہونے والے آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’پیار سے نہیں مانو گے تو گھر میں دری بچھادیں گے،تم چاہ رہے ہو کوئی نقصان ہو، کسی کی دری بچھے تم لوگوں کے یہاں ‘‘ ملزمان کا جب ایک دھمکی آمیز پیغام سے کام نہیں بنا تو اس کے دوسرے ساتھی نے تاجر کو ایک اور پیغام بھیجا ’’بات سن تیرا شجرہ پورا ہمارے پاس ہے، ابھی تک تیرے کو سمجھارہے ہیں، تیرے کو سمجھ نہیں آرہی، اب تیرے کو دوسرے طریقے سے سمجھائیں گے‘‘۔‘‘ امت’’ نے چاکیواڑہ ، میٹھادر ، کھارادر اور کلاکوٹ تھانوں کے ایس ایچ اوز سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھتہ کے حوالے سے کسی تاجر نے کوئی درخواست یا اطلاع نہیں دی۔ہم لوگ بھی میڈیا پر دیکھ رہے ہیں ، کہ کسی تاجر سے واٹس ایپ کے ذریعے بھتہ مانگا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جس تاجر سے بھتہ کی رقم مانگی گئی ہے۔وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں تاکہ پولیس مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرسکے۔آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سائوتھ اور ڈی آئی جی سی آئی اے سے علیحدہ علیحدہ انکوائری پر مشتمل رپورٹس فوری طور پر طلب کرلی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More