شہریوں نے جشن آزادی کیلئے 60 کروڑ کی خریداری کرلی

0

کراچی (رپورٹ: زاہد گلاب/غلام رسول) شہر میں جشن آزادی پرجوش طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہری اب تک 60کروڑ کے جھنڈے، جھنڈیاں، بیجز و دیگر مصنوعات خرید چکے ہیں، ہر گزرتے دن کیساتھ مارکیٹوں میں رش بڑھ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم آزادی قریب آتے ہی جشن آزادی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ شہر کی مختلف مارکیٹوں میں رش بڑھنے لگا ہے۔ بازاروں میں قومی پرچم، رنگ برنگی جھنڈیاں، مختلف اقسام کے بیجز، چوڑیاں، ہیئر بینڈ، کڑے، ٹوپیاں، چشمے اور غباروں سمیت بچوں اور بڑوں کیلئے سبز و سفید رنگوں سے سجے ملبوسات اور دیگر اشیا کی فروخت عروج پر ہے۔ شہری اپنے بچوں کے ہمراہ مختلف مارکیٹوں میں 14اگست کیلئے شاپنگ میں مصروف ہیں۔ ‘‘امت’’ کی جانب سے شہر کی معروف ہول سیل مارکیٹ کاغذی بازار کے سروے کے دوران مشاہدے میں آیا کہ مارکیٹ میں قومی رنگ سے منسلک اشیا کی بھرمار ہے۔ دکاندار ملی نغمے چلا کر اور بلند آواز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر شہریوں کو اپنی جانب راغب کر رہے ہیں۔ مشاہدے میں آیا کہ مارکیٹ میں سب سے زیادہ فروخت ہونیوالا جھنڈا ساڑھے 4فٹ کا ہے، جس کی ہول سیل قیمت 200اور ریٹیل 250روپے ہے، تاہم مارکیٹ میں قومی پرچم کی ہول سیل قیمت 70سے لیکر 850ہزار روپے تک ہے۔ اسی طرح مارکیٹ میں سبز رنگ کی جھنڈیوں کی فروخت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مارکیٹ میں بغیر دھاگے والی جھنڈیوں کے بنڈل کی ہول سیل قیمت 60سے لیکر 160روپے تک ہے اور ریٹیلر دکاندار مذکورہ جھنڈیاں 20روپے اضافے کیساتھ فروخت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے دکاندار محمد نازل نے بتایا کہ ایک بنڈل میں 1ہزار سے زائد جھنڈیاں ہوتی ہیں۔ مارکیٹ میں دھاگے والی جھنڈیوں کی ہول سیل قیمت 185،جبکہ ریٹیل 200روپے تک ہے۔ اسی طرح مارکیٹ میں مختلف اقسام کے قومی بیجز کی فروخت بھی بڑھتی جا رہی ہے، جن کی قیمت 5روپے سے لیکر500روپے تک ہے۔ مشاہدے میں آیا کہ سب سے چھوٹے بیج کی ہول سیل قیمت 5روپے اور ریٹیل 10روپے، جبکہ رنگ برنگی لائٹوں سے سجے بیجز کی ہول سیل قیمت 35روپے اور ریٹیل قیمت50روپے مقرر ہے۔ مارکیٹ میں بچوں اور بڑوں کیلئے ہاتھ کے ہیئر بینڈ اور کڑے کی فروخت بھی جاری ہے۔ مشاہدے میں آیا کہ کڑے درجن کے حساب سے فروخت کئے جارہے ہیں، ہول سیل قیمت میں 1درجن کڑے 220روپے اور ریٹیل قیمت پر 240روپے درجن فروخت ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ ہاتھ کے بینڈ کا ایک درجن والا پیکٹ ہول سیل قیمت پر 100روپے کا ہے اور ریٹیل قیمت میں120روپے کا فروخت ہورہا ہے۔ مذکورہ مارکیٹ میں سبز رنگ کے غبارے بھی دستیاب ہیں، جن کی ہول سیل قیمت 150سے200روپے تک ہے۔ دکاندارعبداللہ کے مطابق ایک غبارہ ہول سیل میں 5روپے کا، جبکہ ریٹیل قیمت 10روپے ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ قومی پرچم سے منسلک ملبوسات کی ہول سیل قیمت 50روپے اور ریٹیل 100روپے ہے۔ اسی طرح چھوٹے بچوں کے ملبوسات کی ہول سیل قیمت 60اور ریٹیل 90روپے ہے۔ دکاندار محمد اقبال کے مطابق1درجن ملبوسات ہول سیل 600روپے کی، جبکہ چھوٹے بچوں کی 700 روپے ہے۔ سروے کے دوران مشاہدے میں آیا کہ مارکیٹ میں چھوٹی بچیوں کیلئے چوڑیاں، گنگن، پرس، بالیاں، چشمے اور دیگر اشیا مارکیٹ میں موجود ہیں۔ دکاندار فیصل نے بتایا کہ بچیوں کی چوڑیاں ایک ہاتھ کی ہول سیل میں 30روپے اور ریٹیل 50 میں دستیاب ہیں۔ دکاندار کے مطابق بچوں کے آئٹم 80روپے سے شروع ہوکر 600تک کے مارکیٹ میں موجود ہیں، جن میں چوڑیاں اور کڑوں سمیت دیگر اشیا بھی شامل ہیں۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے رہنما احمد شمسی نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ اگست شروع ہوتے ہی مارکیٹ میں شہریوں کی آمد شروع ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال مارکیٹ میں زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کا ہدف 80کروڑ ہے، تاہم اب تک 60کروڑ روپے کی خریداری کی جاچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More