ڈاکو پکڑنے سے انکار پر 6 پولیس اہلکار معطل

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن معمار میں ڈاکو پکڑنے سے انکار پر پولیس افسر سمیت 6 اہلکار، جبکہ ملیر میں 3 ٹریفک افسران اور 2 اہلکاربد عنوانی کے الزام پر معطل کردیئے گئے۔اے ایس آئی کو عہدے میں تنزلی کر کے ہیڈ کانسٹیبل بنادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر منیر شیخ نے افغان کیمپ چوکی گلشن معمار کے افسر سمیت 6اہلکاروں کو معطل کردیا،اے ایس آئی حاکم بروہی کو عہدے میں تنزلی کر کے ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا ،جبکہ دیگر معطل اہلکاروں میں ہیڈکانسٹیبل محمد حاجن، سپاہی محمد یعقوب، نذیر محمد، علی اکبر اور منیر حسین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب افغان کیمپ میں واقع بنگلے میں 12 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی اور متاثرہ افراد جب چوکی پہنچے تو وہاں عملہ سورہا تھا، انہیں اٹھا کر بتایا گیا، جس پر اہلکاروں نے کہا کہ موبائل نہیں ہے ،صبح آنا۔ ایس ایس پی ملیر کو اطلاع ملنے پر انہوں نے انکوائری کے بعد معطلی کےاحکامات دیئے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بدعنوانی الزامات پرڈی ایس پی ٹریفک گلزار ہجری جعفر عباس، ڈی ایس پی ٹریفک ملیر امین الرحمٰن،ایس آئی محمد سعید، ریڈر ٹو ڈی ایس پی ٹریفک گلزار ہجری سمیت 2 ٹریفک اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران و اہلکاروں کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا گیاہے ۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے نئے پولیس چیف امیر شیخ نے شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بھرپورکارروائی کیلئے ڈیسک کے قیام کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پولیس جرائم پیشہ افراد کو واردات سے پہلے پکڑنے کی کوشش کرے گی۔اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 150سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاتا ہے ،تاہم ناقص پراسیکیوشن کے باعث ملزمان چند روز میں ضمانت پر رہا ہوجاتے ہیں۔ پولیس ملزمان کیخلاف مضبوط کیس بنائے اور انہیں عدالت سے سزا ئیں دلوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیااورجرائم کے سرپرست پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کیلئے سیکو رٹی پلان مرتب کرلیا ہے، شہری بھرپور انداز میں آزادی کا جشن منائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی رپورٹ کریں، اب ہم واردات ہونے کا انتظار نہیں کریں گے ،بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو پلاننگ سے قبل ہی دبوچ لیں گے۔انہوں نے شہریوں کیلئےواٹس ایپ نمبر 03435142770جاری کرتے ہوئے اپیل کی کہ اگر پولیس تنگ کرےتو اس نمبر پر شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر 13ہزار اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More