سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا عدالتی حکم
اسلام آباد( نمائندہ امت)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو سوشل میڈیا پر گستاخانہ موادکے حوالے سے من گھڑت اور جھوٹی شکایت درج کرانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کردی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کے حوالے سے کیس کے تحریری حکم میں کہاکہ ڈی جی ایف آئی اے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گستاخا نہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس کے حوالے سے جو درخواستیں شہریوں کیجانب سے درج کرائی گئی ہیں ان کو جلد نمٹایا جائے اور اس معاملے کی ڈی جی ایف آئی اے خود نگرانی کریں۔عدالت کے تحریری حکم کے مطابق من گھڑت اور جھوٹی شکایا ت درج کرانے والوں کیخلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کرکے عدالتی کٹہرے میں لایا جائے اور اس حوالے سے مکمل رپورٹ تیارکرکے عدالت کے سامنے پیش کریں۔ تحریری حکم میں عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہاہے کہ جس طرح اداروں کو اس عظیم مقصد کیلئے کام کرنا چاہیے اس طرح کارکردگی نہیں دکھائی جارہی۔