تخت لاہور کیلئے ناموں کا فیصلہ کرنے میں پی ٹی آئی ناکام

0

اسلام آباد (نمائندہ امت) تحریک انصاف اندرونی اختلافات کی وجہ سے پنجاب میں وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا فیصلہ کرنے میں ناکام ہوگئی۔ دونوں عہدوں کے لیے ناموں پر فیصلے کے لیے پی ٹی آئی کی قیادت کا اجلاس آج (اتوار) پھر بنی گالہ میں ہوگا۔ ہفتہ کو بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں شریک رہنمائوں کی طرف سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مختلف نام پیش کیے گئے اور عمران کی طرف سے نوجوان پڑھے لکھے کلین وزیرا علیٰ کے نام کے اعلان کو پس پشت ڈال دیاگیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کے نزدیک راجہ یاسر سرفراز وزارت اعلیٰ کے لیے پسندیدہ امیدوار تھے اور قیاس ہے کہ اس نام کی حمایت جہانگر ترین بھی کررہے تھے، لیکن اجلاس میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کی جانب سے مزید نام بھی پیش کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے مختلف ناموں پر غور ہوا۔ سردار حسنین بہادر دریشک، مخدوم ہاشم جواں بخت ، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر نام زیر غور آئے۔ پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے اعتراض کیا کہ سردار حسنین بہادر اور مخدوم ہاشم صرف 2 ماہ پہلے پارٹی میں آئے ہیں۔ پنجاب کی وزارت اعلیٰ پارٹی کے وفادار اور پرانے کارکن کو ملنی چاہیے۔ اسی طرح ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی زرتاج گل کے علاوہ دیگر ناموں پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر کا نام آج فائنل ہونے کی توقع ہے، تاہم عمران خان چاہتے ہیں کہ یہ عہدہ کسی خاتون کو دیا جائے۔ اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نام 48 گھنٹے میں فائنل ہوجائے گا۔ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 14 اگست کو بلایا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے 3 نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ تحریک انصاف کے پاس ہی رہے گا۔ عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو دعوت دی جائے گی۔ پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔اپوزیشن کے جو بھی مطالبات ہیں، ان پر غور و فکر کیاجائے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے 3 نام فائنل کرلیے ہیں۔ صبح تک حتمی نام کا اعلان کر دیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو ہوگا، جبکہ پی ٹی آئی کی پنجاب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لاہور میں 14 اگست کی شام بلایا گیا ہے۔ آج بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پرمشاورت ہوئی، جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More