میڈیا ٹاؤن ہاکس بے میں شجرکاری مہم کا آغاز
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام میڈیا ٹاؤن ہاکس بے میں ہفتے کے روز شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا ہے،یہ شجر کاری مہم کراچی پریس کلب نے لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی، المصطفے ویلفیئر سوسائٹی، کے الیکٹرک اور دیگر تنظیموں کے تعاون سے شروع کی ہے، ایک ماہ جاری رہنے والی اس شجر کاری مہم کے دوران میڈیا ٹاؤن کے تمام بلاکس میں ہزاروں درخت لگائے جائیں گے، ہفتے کے روز اس مہم کے آغاز پر المصطفے ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب اپنے ہاتھ سے میڈیا ٹاؤن کے پارک میں نیم کا پودا لگایا، اس کے علاوہ کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، سیکریٹری مقصود احمد یوسفی، جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان کے علاوہ ممبران عابد حسین، ابوالحسن ، شاہد اقبال، حاجی احمد مجاہد رضوان بھٹی اور دیگر نے میڈیا ٹاؤن کے مختلف بلاکس میں پودے لگائے، اس موقع پر حاجی حنیف طیب کا کہنا تھا کہ میڈیا ٹاؤن کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے المصطفے ویلفیئر سوسائٹی بھر تعاون جاری رکھے گی۔ سیکریٹری پریس کلب مقصود احمد یوسفی کا کہنا تھا کہ شجر کاری مہم میں دیگر اداروں اور تنظیموں کو بھی تعاون اور شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس موقع پر ایل ڈی اے کے ایگزیکٹو انجینئر آغا نفیس نے یقین دہانی کرائی کہ شجر کاری مہم کر دوران لگائے جانے والے پودوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ان کی حفاظت کا بھی بندوبستی کیا جائے گا۔