زلفی بخاری آف شور کمپنیوں کے ریکارڈ سمیت طلب
اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری پھر نیب کے ریڈار میں آگئے۔ انہیں آئندہ ہفتے آف شور کمپنیوں کے ریکارڈ سمیت بلایا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق اس بار زلفی بخاری کو کڑے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ انہوں نے ایک ماہ گذرنے کےباوجود پچھلی پیشی پر دیئے گئے سوالنامے کے جواب نہیں دیئے۔ اس دوران نیب نے زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں سے متعلق برطانیہ سے آڈٹ رپورٹ حاصل کرلی اور اس کی روشنی میں نیا سوالنامہ تیار کیا ہے۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری کا نام8 اگست کو ای سی ایل میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر افراد کی معاونت سے برٹش ورجن آئی لینڈز پر آف شور کمپنیاں بنا رکھی ہیں، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور وہ منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں؟اس سے قبل25 جون کو زلفی بخاری نیب کے روبرو پیش ہوئے، ٹیم نے زلفی بخاری سے چھ آف شور کمپنیوں سے متعلق ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور سوال نامہ ان کے حوالے کیا۔سوالنامے میں زلفی بخاری سے آف شور کمپنیوں کے ذرائع آمدن پوچھے گئے، آف شور کمپنیاں کیسے بنائی گئی، فنڈز کہاں سے لائے گئے ؟ زلفی بخاری نے جواب دینے کے لیے دو ہفتے کا وقت مانگا مگر تاحال جواب جمع نہیں کرایا۔