تھانوں میں تشدد پر پابندی لگانے کا فیصلہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی تھانوں میں شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت پولیس اسٹیشنز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کے خلاف اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے، عمران خان حلف اٹھانے کے فوری بعد تھانوں میں شہریوں پر ہونے والے تشدد کو بند کرنے کے احکامات جاری کرسکتے ہیں۔نعیم الحق نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی ہونی چاہیے، یہ غیر اسلامی اور غیر آئینی ہے، اس سے زیادہ تر غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں، تحریک انصاف تھانوں میں شہریوں پر ہر طرح کا تشدد ختم کرے گی اور صحیح سمت میں تمام اقدمات اٹھائے گی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےسرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں بھی اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری چینل کو صرف حکومتی کوریج تک محدود نہیں رکھا جائے گا۔