پولیس -ٹریفک اہلکار قربانی کے جانوروں پر عیدی وصول کرنےلگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) علاقہ پولیس اور ٹریفک اہلکار قربانی کے جانوروں پر عیدی وصول کرنے لگے ۔مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر علاقہ پولیس اور ٹریفک اہلکار خوب عیدی جمع کرتے ہیں۔ بن قاسم، شاہ لطیف اسٹیل ٹاوٴن تھانوں کی موبائلیں گشت کرتی ہیں اور جانور لانے والی گاڑیوں کو روک کر عیدی لی جاتی ہے اس طرح لانڈھی بھینس کالونی مویشی منڈی آنے والے جانوروں کی گاڑیوں کو سکھن کی موبائل یا موٹر سائیکل سوار اہالکار روک کر خرچہ طلب کرتے ہیں۔ سپر ہائی وے مویشی منڈی سے شہر میں جانور لے کر جانے والے مزدا ڈرائیور اکبر کا کہنا ہے کہ ہر چکر میں 500 روپے پولیس اور ٹریفک والے طلب کرتے ہیں۔ جبکہ شاہ فیصل قیوم آباد، داوٴد چورنگی، لیاقت آباد10 نمبر، عیسی نگری نیو کراچی، نارتھ کراچی، پیپلز چورنگی، غریب آباد اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے۔لیکن وہاں پولیس، ٹریفک اہلکار فٹ پاتھ، سڑکوں، چوراہوں پرجانور فروخت کر نے والوں سے بھتہ وصول کرتے ہیں ۔