جشن آزادی پر تھانیداروں کو اپنی موجودگی میں سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے پولیس افسران و تھانیداروں کو جشن آزادی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی اقدامات یقینی بنانے اور فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہوں و ساحلی مقامات پر ون ویلنگ، موٹر سائیکل پر شورزدہ غیر معیاری سائلنسر لگا کر چلنے اور سمندر میں نہانے والوں کیخلاف کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی مناسبت سے تمام ایس ایچ اوز نہ صرف اپنی نگرانی میں سیکورٹی اقدامات یقینی بنائیں گے بلکہ خود بھی علاقوں میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر انر اورآؤٹر کارڈن کی بنیادپرسیکورٹی کوغیر معمولی بنایا جائے، جبکہ صوبے باالخصوص کراچی میں اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، ریکی، نگرانی اور سراغ رسانی اقدامات سمیت جرائم کیخلاف جاری آپریشنز کو بھی مزید تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینج، اضلاع اور زونز کی سطح پر جرائم کی بیخ کنی اور یوم آزادی تقریبات کی سیکورٹی تھانوں کی سطح پر یقینی بنائی جائے۔