کراچی (رپورٹ: افضال احمد) یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے شہریوں نے 2 روز قبل ہی جشن شروع کردیا۔ ایک جانب سجاوٹی اشیا، قومی پرچم، جھنڈیوں اور بیجز سمیت دیگر اشیا کی فروخت بڑھ گئی۔ جگہ جگہ ٹھیلے، پتھاروں پر خریداروں کا رش بڑھ گیا۔ اس بار بھی 80 فیصد سجاوٹی اشیا چین سے منگوائی گئی ہیں، جن کی مدد سے گھروں ، دکانوں، کمرشل و رہائشی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ نوجوان گھروں کے باہر اور دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے ڈیک لگا کر قومی ترانے بجارہے ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ 2 روز قبل ہی شہر میں جشن کا سماں ہے۔ امت کی جانب سے مختلف علاقوں کا خصوصی سروے کیا گیا۔ دوران سروے صدر میں لوگوں کا کہنا تھا کہ ہر سال یوم آزادی پر جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے اور قوم کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کررہی ہے۔ مرشد بازار کے سامنے جگہ جگہ بیجز، جھنڈیوں، بڑے قومی پرچم، رنگ برنگی لائٹیں فروخت ہورہی تھیں۔ دکاندار ریاض، اعظم، محمد خالد اور ندیم نے پتھاروں پر ڈیک لگائے ہوئے تھے اور زور دار آواز میں ملی نغمے بجائے جارہے تھے جبکہ یوم آزادی کی مناسبت سے قومی ترانے بھی بجائے جارہے تھے۔ دکان داروں اور خریداروں میں خاصا جوش پایا جاتا تھا۔ خریدار عاصم اور بابر علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یوم آزادی بھرپور منانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اپنے ماہانہ بجٹ میں رقم الگ کرلی تھی کہ اس بار بچے اور خواتین بھی بضد ہیں کہ گھر اور گلی کو سجایا جائے۔ شارع فیصل پر بڑی بڑی کمرشل عمارتیں قومی پرچم کے رنگوں کی لائٹوں سے سجائی گئی ہیں اور بڑے قومی پرچم لہرائے گئے ہیں۔ منچلے رکشہ ڈرائیور، سوزوکی والے تیز آواز میں قومی نغمے بجاتے ادھر ادھر گھوم رہے ہیں۔ دوران سروے دیکھا گیا کہ اتوار کے روز بھی طارق روڈ پر قومی پرچموں، جھنڈیوں اور سجاوٹی اشیا کے پتھارے و ٹھیلے لگے تھے اور خریداروں کا رش تھا۔ وہاں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ حکومت میں تبدیلی آئی ہے، اب قوم بھی قومی دن نئے جوش و خروش کیساتھ منائے گی۔ دکاندار اور خریدار دونوں خاصے پرجوش نظر آئے۔ ڈولمن مال کے قریب اسٹال ہولڈر نوید کا کہنا ہے کہ اس بار سوا لاکھ کا سجاوٹی سامان، جھنڈے اور دیگر اشیا لایا تھا، جن میں زیادہ تر فروخت ہوچکی ہیں، اس بار شہریوں میں جوش زیادہ ہے۔ فہد شاہ کا کہنا ہے کہ بچے اس بار زیادہ پرجوش ہیں کہ گھر اور گلیاں سجائیں گے۔ گھروں پر بڑے بڑے جھنڈے لگائیں گے۔ ایک اور اسٹال والے حسن کا کہنا ہے کہ اس بار چین کا مال کراچی زیادہ آیا ہے جو ملک بھر میں بھیجا گیا۔ زبیر، اشتیاق اور فضل کا کہنا ہے کہ قوم اس بار یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کا ریکارڈ بنانا چاہتی ہے، خدا کرے کہ قوم ہر قومی دن اسی طرح مناتی رہے۔