ناظم آباد فائر اسٹیشن انچارج نے مویشی منڈی لگادی
کراچی (رپورٹ: خالد سلمان ) شہر بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف پابندی کے احکامات کو ناظم آباد فائر اسٹیشن انچارج نے ہوا میں اڑا دیا۔ ناظم آباد فائر اسٹیشن کے اندر مویشی منڈی قائم کرکے چوری کی بجلی استعمال کی جانے لگی۔ ناظم آباد فائر اسٹیشن کے انچارج اور گریڈ 17 کے افسر عارف منصوری نے اعلیٰ افسران کی جانب سے شہر بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں پر پابندی کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ناظم آباد فائر اسٹیشن کے اندر غیر قانونی مویشی منڈی قائم کرادی۔ ‘‘امت’’ کو محکمہ فائر بریگیڈ کے ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ ناظم آباد فائراسٹیشن انچارج عارف منصوری جس کا سابقہ تعلق متحدہ سے اور بعدازاں اس نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی نے ناظم آباد فائر اسٹیشن کے اندر قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے غیر قانونی منڈی قائم کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دو ہفتے قبل ہی کے ایم سی کے شعبہ انجینئرنگ ڈپارٹ کی جانب سے شہر بھر کے فائر اسٹیشنوں میں قائم سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر افسران کو بذریعہ نوٹس پابند کیا گیا تھا کہ وہ بجلی کا لوڈ کم کریں۔ذرائع کے مطابق شہر بھر کے فائر اسٹیشنوں میں بجلی کی مد میں 64 لاکھ روپے کا بل آنے کے بعد تمام فائر اسٹیشنوں میں رہائش پذیر گریڈ 5 سے گریڈ 12 تک کے افسران کی رہائش گاہوں میں لگے اے سی اتروادیئے گئے تھے، تاہم گریڈ 17 کے افسران کی رہائش گاہوں میں اے سی استعمال ہورہے ہیں ۔صرف گریڈ 19 کے افسران کو اے سی لگانے کی اجازت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ناظم آباد فائر اسٹیشن انچارج عارف منصوری غیر قانونی مویشی منڈی میں بجلی بھی کنڈے کی استعمال کررہے ہیں۔ ‘‘امت ’’سروے کے دوران دیکھا گیا گہ مویشی منڈی میں دن کے وقت میں بھی لگائی گئیں لائٹس روشن تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فائر اسٹیشن انچارج کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈی لگائے جانے کے بعد سے اسٹیشن میں رہائش پذیر افراد بلخصوص خواتین کا آنا جانا محال ہوگیا ہےاور اعلیٰ افسران کی پر اسرار خاموشی معنی خیز ہے، ‘‘امت’’ کی جانب سے ناظم آباد فائر اسٹیشن میں اسٹیشن انچارج عارف منصوری کی جانب سے غیر قانونی مویشی منڈی کے حوالے سے موقف کے لئے چیف فائر آفیسر تحسین احمد صدیقی سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ وہ کالونی میں رہائش پذیر ملازمین کے خریدے گئے جانور ہوں، اور ایک ہی جگہ باندھے گئے ہوں، چیف فائر آفیسر کا اس سوال پر کہ دن میں بھی بجلی کا استعمال کیا جارہا ہے پر کہنا تھا یہ انتظامیہ کی لاپرواہی ہے ہوسکتا ہے کہ دن میں لائٹس بند کرنا بھول گئے ہوں۔