کراچی ( اسٹاف رپورٹر )تحریک لبیک کی مرکزی ریلی میں شرکت کے لئے شہر کے تمام اضلاع سے ریلیاں نکالی گئیں ۔حسن اسکوائر سے مزارقائد تک احتجاجی ریلی کا وقت دوپہر 2بجے مقرر کیا گیا تھا تاہم شہری موٹرسائیکلوں، بسوں،رکشوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے ذریعے حسن اسکوائر دوپہر ایک بجے ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے‘ علامہ سید زمان شاہ جعفری اور سندھ کے امیر علامہ غوث بغدادی بھی سیکڑوں شرکا کے ساتھ حسن اسکوائر پہنچے ‘پارٹی قائدین کی آمد پر حسن اسکوائر لبیک لبیک لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا‘لیاری ،رنچھوڑ لائن، گارڈن اور اطراف کے مکین بھی نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی یونس سومرو اور مفتی قاسم فخری کے ہمراہ ریلی میں پہنچے‘ملیر اور شاہ فیصل سے بھی سیکڑوں کی تعداد میں شہری حسن اسکوائر پہنچے‘اسی طرح لانڈھی کورنگی سے بھی شرکابسوں کے ذریعے ریلی میں شرکت کے لیئے پہنچے‘مشاہدے میں آیا کہ صدر، لائنزایریا،بزرٹہ لائن،کالا پل،گلستان جوہر،گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں کے مکین ریلی سے قبل ہی نمائش چورنگی پر پہنچنا شروع ہوگئے تھے‘شہری اپنے ہمراہ اسپیکر بھی ساتھ لائے تھے جن میں تحریک لبیک کے ترانے چل رہے تھے۔