سندھ کی ترقی کیلئے پی پی سے ملکر کام کرینگے-عمران اسماعیل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نامزد گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبے کے تعمیر وترقی کے لئے پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر کام کریں گے ۔ کراچی اور صحافیوں کے مسائل کا حل ان کے ترجیہات میں سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 71ویں یوم آزادی کے سلسلے میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیراہتمام پریس کلب میں کیک کاٹنے کے تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ پریس کلب کا ملک میں بحالی جمہوریت کے لئے بہت اہم کردار ہے۔ پی ٹی آئی ووٹرز کے اعتماد پر اترنے کی کوشش کرے گی اور سب کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔ایم ایم اے کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ عوام کے مسائل پر اواز اٹھانے کے لئے اپنا بھرپورکردار اداکروں گا۔تقریب میں کے یو جے دستور کے صدر طارق ابوالحسن ، پریس کلب کے صدر احمدملک ، سیکریٹری مقصود یوسفی نے عمران اسماعیل کو گلدستہ پیش کیا۔تقریب میں پی ایف یوجے کے سیکریٹری سہیل افضل، شعیب احمد، رضوان بھٹی ، عامرلطیف و دیگر صحافیوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول یحییٰ پولانی، ملی مسلم لیگ کے مزمل ہاشمی نے بھی شرکت کی۔تقریب میں شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔عمران اسماعیل نے کیک کاٹا، جس کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔