جعلی ڈگری ہولڈرعاقل شاہ ایشین گیمز میں چف ڈی مشن مقرر
اسلام آباد (امت نیوز) وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی مبینہ ملی بھگت کے باعث ایشین گیمز کے چف ڈی مشن کیلئے نامزد کئے جانیوالے سابق صوبائی وزیر سید عاقل خان کی نامزدگی پر سوالات اٹھ کھڑئے ہوئے ، وزیر اعظم آفس سے چف ڈی مشن کے نام کی منظوری لئے بغیر جعلی ڈگری کے کیس میں جیل جانے والے عاقل شاہ آج (پیر) کو پاکستانی دستے کی قیادت کیلئے انڈونیشیا روانہ ہو جائینگے جبکہ سابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ بریگیڈئر (ر) عارف محمود صدیقی نے نامزد وزیر اعظم عمران خان سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ انڈونیشیا میں منعقد ہونیوالی ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی مرحلہ وار روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور میگا انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستانی دستے کے چف ڈی مشن کی نامزدگی کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ اپنے ہی طے شدہ قوائد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جعلی ڈگری کیس میں جیل جانے والے سابق صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سید عاقل خان کو خاموشی کیساتھ پاکستانی دستے کا چف ڈی مشن بنوادیا جو آج (پیر) کو پاکستانی دستے کی قیادت کیلئے انڈونیشیا روانہ ہو جائیں گے۔