بھتیجے کی شادی میں معاونت پر چچا قتل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سہراب گوٹھ میں بھتیجے کی شادی کرانے میں معاونت پر چچا کو قتل کردیا گیا، جبکہ پی آئی بی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود الآصف اسکوائر کے قریب افغان بس اڈے کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او رائو ذاکر محمود نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 45سالہ خان محمد ولد حضرت خان کے نام سے ہوئی ہے ۔مقتول کا تعلق سلیمان خیل قبیلے سے ہے ۔خان محمد نے کچھ عرصہ قبل اپنے بھتیجے کی لڑکی کے گھر والوں کی مرضی کے بغیر بھگاکر شادی کرائی تھی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ بھی درج ہوچکا ہے ۔مقتول کا قبیلے کے لوگوں سے جھگڑا ہوچکا ہے ۔پی آئی بی کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 18سالہ حمزہ احمد ولد شکیل زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔