جرگے کے دوران فائرنگ – باپ بیٹے سمیت 5 قتل

0

چارسدہ ( نمائندہ امت)چارسدہ کے علاقے بٹگرام میں جرگہ کے دوران فائرنگ کرکے پانچ افرادکو قتل کردیا گیا،فائرنگ سے دوافراد زخمی ہوگئے قتل ہونے والوں میں باپ بیٹا اور دو چچازاد بھائی بھی شامل ہیں،ملزمان فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق تھانہ بٹگرام کی حدود اشارہ کورونہ میں گزشتہ روز موٹر سائیکل کی ٹکر سے واصف ولد مہر شاہ نامی لڑکا زخمی ہو ا تھا اور اسی تنازعہ کے حل کیلئے جرگہ ہو رہا تھا کہ اس دوران فریقین کے مابین تکرار شروع ہوئی جس کے بعد مبینہ ملزمان منظور ، زمرد شاہ ، تاجمیر ، فصیح اللہ ،سبزعلی ، گل ولی ، مراد ،خانزیب اور ارشدنے جدید اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد عباس ولد واحد شاہ ، مصنف ولد واجد اللہ ، فضل ربی ولد عبدہاشم ، سدیس ولد میر عالم ،طاہر ولد فضل ربی اور موسیٰ خان ولد واسر خان جاں بحق ہوگئے ، دو افراد یاسین ولد فضل اللہ اور انعام اللہ ولد سردار شدید زخمی ہو گئے ۔ مقتولین میں باپ بیٹا اور دو چچازاد بھائی بھی شامل ہیں ۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو شبقدر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے زخمیوں کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا ۔خونی واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کئے ۔ واقعہ کے حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز موٹر سائیکل پر ایک حادثہ ہوا تھا جس میں ایک شخص زخمی ہو ا تھا اور اسی حوالے سے جرگہ ہو رہا تھا کہ فریقین کے مابین توتکار ہوئی اور پھر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا ۔ بٹگرام پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ۔ پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کردیاگیا جنہیں بعد ازاں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More