کراچی – ڈھاکہ 10 ناقابل رہائش شہروں میں شامل
لندن (امت نیوز) دی اکانومسٹ انٹیلی جنس سروے کے مطابق کراچی اور ڈھاکہ 10 ناقابل رہائش شہروں میں شامل ہیں ۔ جن میں جرائم کی شرح زیادہ ہے ،جبکہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا نے دنیا کے سب سے زیادہ قابل رہائش شہروں کی فہرست میں آسٹریلیا کے شہر میلبرن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ پہلی بار یورپ کے کسی شہر نے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے سالانہ عالمی سروے میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سروے میں مختلف اور وسیع عوامل کے تحت دنیا کے 140شہروں کا تجزیہ کیا گيا ہے جن میں سیاسی اور سماجی استحکام، جرائم، تعلیم اور طبی سہولیات کی فراہمی جیسے عوامل شامل ہیں۔ اس سروے میں مانچسٹر شہر میں سب سے زیادہ ترقی دیکھی گئی اور وہ 16درجے کی چھلانگ لگا کر اب 35ویں پوزیشن پر ہے۔ میلبرن جو رواں سروے میں دوسرے نمبر پر آیا ہے وہ7 سال تک مسلسل سرفہرست رہا تھا۔ اس سروے کا دوسرا رخ سب سے ناقابل رہائش شہر ہیں جس میں شام کا دارالحکومت دمشق سرفہرست کہا جا سکتا ہے کیونکہ یہ قابل رہائش کی فہرست میں آخری نام ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ دوسرے، نائیجیریا کا شہر لاگوس تیسرے جبکہ کراچی چوتھے نمبر پر آتا ہے۔ دی اکانومسٹ نے کہا کہ ان شہروں کے سب سے کم قابل رہائش ہونے کا سبب، جرائم، خانہ جنگی، دہشت گردی یا پھر جنگ ہے اور ان جیسے عوامل نے ان کی درجہ بندی کو کم کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ 2018کے 10سب سے زیادہ قابل رہائش شہر 1.ویانا، آسٹریا 2.میلبرن، آسٹریلیا 3. اوساکا، جاپان 4.کالگیری، کینیڈا 5.سڈنی، آسٹریلیا 6. وینکوور، کینیڈا 7.ٹوکیو، جاپان 8.ٹورونٹو، کینیڈا 9.کوپن ہیگن، ڈنمارک 10۔ ایڈیلیڈ، آسٹریلیا ہیں جبکہ 10 سب سے کم قابل رہائش شہر 1.دمشق، شام 2.ڈھاکہ، بنگلہ دیش 3.لاگوس، نائجیریا 4.کراچی، پاکستان 5.پورٹ موریسبی، پاپوا نیو گنی 6.ہرارے، زمبابوے 7.تریپولی، لیبیا 8.دوالا، کیمرون 9.الجیئرس، الجیریا 10.ڈاکار، سینیگال ہیں۔