پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا، اسمبلی اجلاس کے اگلے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں تحریک انصاف کو مجموعی طور پر 175 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) 160 سیٹوں کے ساتھ دوسرے، مسلم لیگ (ق) 10 سیٹوں کے ساتھ تیسرے اور پیپلز پارٹی 7 سیٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔پنجاب اسمبلی کی 7 نشستیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہیں جب کہ تین حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں۔مسلم لیگ ن کی رکن زیب النسا سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر کے ہمراہ اسمبلی آئیں تو سیکورٹی اسٹاف نے انہیں دروازے پر ہی روک لیا۔ اس موقع پر لیگی خاتون سے اسمبلی سیکورٹی اسٹاف کی تصویر لینے کی کوشش کی، جس پر انہوں نے مزاحمت بھی کی۔اسمبلی اسٹاف کا کہنا ہے کہ ایوان میں کسی کی تصویر لے کر جانے کی اجازت نہیں، اس لیے خاتون رکن زیب النسا سے سیکورٹی اسٹاف نے تصویر لی۔ دوسری جانب جام پور کے حلقہ پی پی 293 سے منتخب ایم پی اے سردار محسن لغاری کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے قرار داد جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کو فی الفور الگ صوبہ بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔